• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم سب کو رب کا شکر ادا کرتے رہنا چاہئے کیونکہ اس نےہم سب کو گائے بنایا ہے۔ یہ جملہ کچھ غلط ہو گیا ہے نصابی کتابوں میں ہم نے اس طرح نہیں پڑھا تھا۔ نصابی کتابوں میں تھا کہ ہم سب کو رب کا شکر ادا کرنا چاہئے کیونکہ اس نے ہمارے لئے گائے بنائی۔ گائے بہت مفید جانور ہے یہ بہت دودھ دیتی ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھلی مانس بھی ہے۔ ہم بھی بہت بھلے مانس ہیں گائے بھی بہت بھلی مانس ہے ۔ گائے بھی مفید جانور ہےہم بھی بہت مفید ہیں۔ہم سب کو رب کا شکر ادا کرتے رہنا چاہئے۔ اس نے ہمارے لئے بکری بھی بنائی ہے۔ بکری دودھ دیتی ہے مینگنیں بھی دیتی ہے ۔ بکری دودھ میں مینگنیں ملا کر بھی دیتی ہے۔ ہم بھی دودھ میں مینگنیں ملا کر دیتے ہیں۔ بکری درختوں کے پتے کھا کر خدا کا شکر ادا کرتی ہے۔ ہمیں بھی درختوں کے پتے کھا کر خدا کا شکر ادا کرنا چاہئے۔ بکری مکان بنا کر نہیں رہتی کیونکہ بکری ہوتے ہوئے بھی اس میں بعض صفات شاہین کی پائی جاتی ہیں۔

کہ شاہیں کے لئے ذلت ہے کار آشیاں بندی

ہمیں بھی مکان کی فکر نہیں ہونی چاہئےبکری خدا کی بخشی ہوئی پوشاک پر گزارہ کرتی ہے۔ ہمیں بھی تن ڈھانپنے کی فکر نہیں ہونی چاہئے۔ ہمیں بکریوں کی طرح زندگی بسر کرنا چاہیے بکریاں بہت شریف ہوتی ہیں بہت صابر ہوتی ہیں۔ہم سب کو رب کا شکر ادا کرناچاہیے جس نے بلی بنائی ،بلی بہت خوبصورت جانور ہے۔ اسے ہم گود میں لے کر پیار کرتے ہیں۔ پیار کے رستے میں کوئی چیز حائل نہیں ہوتی۔ اگر ایسا ہوتا تو ہم بلی کو پیار نہ کرتے کیونکہ بلی چوہے کھاتی ہے لیکن بلی کی اس ادا سے تو ہمیں پیار ہے اور ہم اسے گھروں میں چوہے کھانے کے لئے ہی رکھتے ہیں۔ ہم بھی بلیاں ہیں اور چوہے کھانے پر مامور ہیں۔ بلی کی مونچھیں بہت لمبی لمبی ہوتی ہیں مگر یہ وہ مونچھیں نہیں جنہیں وہ تاؤ دے سکے، بلی کو یہ فکر بھی نہیں ہوتی کہ مونچھ کہیں نیچی نہ ہو جائے اس لئے ہم اسے پیار کرتے ہیں۔ اسکی اگر مونچھیں لمبی ہیں توا سکی دم بھی بہت لمبی ہے جو وہ بوقت ضرورت ہلانے لگتی ہے مونچھ دکھانے کیلئے اور دم ہلانےکیلئے ہونی چاہیے کہ یہ کامیاب زندگی کی علامت ہے بلی ایک کامیاب جانور ہے ہمیں بھی کامیاب ہونا چاہیے اگر ہماری صرف مونچھ ہے تو ہمیں فوراً دم اگانے کی کوشش کرنی چاہیے۔

ہم سب کو رب کا شکر ادا کرتے رہنا چاہیے جس نے ہمارے لئے اونٹ بنایا ۔اونٹ کی بہت قدر وقیمت ہے اور اسے بہت عزت واحترام کی نگاہوں سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ اس کی کوئی کل سیدھی نہیں ہوتی ۔ آج کل جس کی کوئی کل سیدھی نہ ہو وہ ترقی کی منازل بہت تیزی سے طے کرتا ہے اونٹ کو صحرائی جہاز بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ کئی کئی دن تک بغیر کھائے پئےسفر کرسکتا ہے۔ یہ بغیر کھانے پینے والی بات ایک مغالطہ ہے کیونکہ اونٹ نے اپنےکوہان میں اناج ذخیرہ کیا ہوتا ہے اور سفر کے دوران وہ یہ ذخیرہ استعمال میں لاتا ہے اس کی قدر و قیمت کی ایک وجہ یہ ذخیرہ اندوزی بھی ہے۔ ذخیرہ اندوزوں کو ہمارے ہاں بہت عزت کی نظروں سے دیکھا جاتا ہے۔ اونٹ کی سواری بہت لذیز ہوتی ہے اور اونٹ کی قدر وقیمت کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ ہر کوئی اس پر سواری کر سکتا ہے بعض بونے جب اونٹ پر سوار ہوتے ہیں تو ہم انہیں بلند قامت سمجھتے ہیں اونٹ کی سماجی خدمات بہت زیادہ ہیں اور ہم اس کے احسانات سے عہدہ برا نہیں ہو سکتے۔ ہم سب کو رب کا شکر ادا کرتے رہنا چاہیے جس نے ہمارے لئے گھوڑا بنایا۔ گھوڑا بہت طاقتور جانور ہے یہ میلوں دوڑتا ہے اور اس کا سانس نہیں پھولتا کیونکہ یہ سگریٹ نہیں پیتا۔ اس کی طاقت کا اصل راز یہ ہے کہ یہ سوچنے سمجھنے کی لعنت سے پاک ہوتا ہے چنانچہ گردو پیش کے حالات اسے پریشان نہیں کرتے۔ ہمیں بھی گھوڑے کی طرح طاقت ور ہونا چاہیے اور کسی تانگے کے آگے جت جانا چاہیے۔

پس نوشت :ایک بار برادرم سہیل وڑائچ نے انٹرویو کے دوران مجھ سے پوچھا آپ نے پوری زندگی میں کبھی ایک کروڑ روپیہ دیکھا ہے میں نے جواب دیا نہیں ۔ مجھے اس وقت ایک بات اور بھی کہنا چاہیے تھی کہ کروڑ روپیہ تو نہیں البتہ کروڑوں روپوں کی کتابیں ضرور دیکھی ہیں اب میری لائبریری میں مزید کتابوں کی جگہ نہیں اوپر سے دوست احباب کی کتابیں بھی موصول ہوتی رہتی ہیں ، مثلاً گزشتہ چند دنوں کے دوران مجھے رخشندہ نوید کی ضخیم شعری کلیات ،غافر شہزاد کا ناول’پالنہار‘، شہزاد نیئرکی۔ ’’کہانی چل رہی ہے‘‘۔ کینیڈا میں مقیم دانشور خاتون ڈاکٹر خالدہ نسیم کی غنی خان کی نظموںکا انگریزی ترجمہ

ECHOS FROM THE MOUNTAINS ڈاکٹر شاہدہ دلاور شاہ کا افسانوی مجموعہ ’’غیر مطبومہ جیون ‘‘ محمد حمید شاہد کا اپنی نوعیت کا ناولٹ ’’جنگ میں محبت کی تصویر نہیں بنتی ‘‘، طاہر منظور کی نثری نظموں کا مجموعہ ’’مکمل ہونے کا امکان‘‘میرے پرانے بیلی نذیر قیصر کے دو شعری مجموعے’’ آنکھیں چہرے ہاتھ‘‘اور’’ ہرے کرشنا‘‘، ڈاکٹر قاسم بگھیو کی ’’ تر دامنی پہ شیخ ہماری نہ جائیو ‘‘ موصول ہوئی ہیں۔ ان سب دوستوں کا شکریہ

تازہ ترین