• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حلف برداری وسینیٹ انتخابات، سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائیگی، کنڈی

اسلام آباد (محمد صالح ظافر)خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا ہے کہ مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کی حلف برداری اور سینیٹ کے انتخابات بارے کوئی "سازش یا شرارت" کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی،اسمبلی کے اجلاس کو ناممکن بنا کر یا کسی دوسری طرح حلف برداری روکی گئی تو عدالت عالیہ سے آئین کی دفعہ 255 کے تحت حلف کے لئے رجوع کیا جاسکتا ہے،خیبرپختونخوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کے مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کی حلف برداری اور صوبے سے سینیٹ کے ار کان کا چنائو کئے جانے کے حوالے سے کوئی سازش یا شرارت کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی مفاہمت کے ماحول کو حکومتی کارپردازان سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں اس مقصد کے لئے اسمبلی کے اجلاس میں رخنہ اندازی کے لئے بھی سازش کی بو محسوس کی گئی ہے جو کامیاب نہیں ہوسکتی۔ ایک گفتگومیں انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کا حلف بھی ہوگا اور سینیٹ کے ارکان کا انتخاب بھی عمل میں لایا جائے گا اس میں تاخیر نہیں ہونے دی جائے گی۔ صوبائی گورنر نے کہا کہ اگر عدالت عالیہ نے انہیں حکم دیا تو وہ اس کے لئے تیار ہیں یہ حکم آئین کی دفعہ 255 کے تحت جاری کیا جاسکتا ہے اگر فاضل عدالت نے اسپیکر کو ایسی ہدایت کی تو وہ بھی اس پر عمل درآمد کے پابند ہونگے اس دوران جنگ /دی نیوز کو پتہ چلا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر راجہ سکندر سلطان نے کمیشن کے اعلیٰ اختیارات اور اعلی سطحی وفد کو پشاور میں ارکان کی حلف برداری اور سینیٹ کی نشستوں کے انتخابات کو منصفانہ طور پر شفاف انداز میں منعقد کرانے کے لئے روانہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے یہ وفد جس کے سربراہ الیکشن کمیشن کے رکن جسٹس اکرام اللہ خان ہونگے سیکریٹری کمیشن عمر حمید چوہدری اور اسپیشل سیکریٹری کے ہمراہ آج (اتوار) کو صوبائی دارالحکومت پہنچے گا۔ اس دوران چیف الیکشن کمشنر نے واضح کردیا ہے کہ اگر آج صوبائی اسمبلی کے ارکان کا حلف نہیں ہوتا تو سینیٹ کے ارکان کا انتخاب بھی نہیں ہوسکے گا کسی بھی امکانی صورتحال سے عہدہ برآ ہونے کے لئے الیکشن کمیشن نے اپنی تیاریاں مکمل کر رکھی ہیں۔
اہم خبریں سے مزید