کراچی (نیوز ڈیسک) غزہ میں دو امدادی مراکز پر اسرائیلی فورسز کی فائرنگ ،مختلف علاقوں پربمباری اور حملوں میں مزید 116 فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوگئے ، بھوک کےشکار دو ہفتوں کے شیر خوار سمیت دو افراد دم توڑ گئے ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فورسز نے رفح میں امریکی و اسرائیلی حمایت یافتہ امدادی تنظیم کے دو مراکز پر آٹے کے حصول کیلئے جمع فلسطینیوں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 38فلسطینی شہید ہوگئے، لوگوں کی بڑی تعداد آٹے کے حصول کیلئے جمع تھی۔مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر الخلیل کے اولڈ سٹی میں اسرائیلی افواج کے حصارمیں بڑی تعداد میں یہودی آباد کاروں نے دھاوا بول دیا۔ رپورٹ کے مطابق بھاری ہتھیاروں سے لیس فوجی پہرہ دیتے رہےجنہوں نے صحافیوں کو یہودی آباد کاروں کی جارحیت کی کوریج کرنے سے روکا۔ حماس اور فلسطینی اسلامی جہاد (PIJ) کے عسکری ونگز نے غزہ کی پٹی، خاص طور پر اس کے شدید محاصرے میں گھرے شمالی حصوں میں، اسرائیلی افواج پر نئے گھات لگا کر حملوں کی اطلاع دی ہے۔حماس کے عسکری ونگ، القسام بریگیڈز نے بتایا کہ اس کے جنگجوؤں نے اس ہفتے کے اوائل میں جبلیہ میں اسرائیلی فوج کے مرکوا ٹینکوں پر دھماکہ خیز مواد اور راکٹ سے چلنے والے گرنیڈز کا استعمال کرتے ہوئے تین الگ الگ حملے کیے۔القسام بریگیڈز نے مزید کہا کہ اسی علاقے میں ایک اور واقعے میں دو مزید ٹینکوں کو دو سڑک کنارے نصب بموں سے نشانہ بنایا گیا، اور دعویٰ کیا کہ عسکری ہیلی کاپٹروں کو ہلاکتوں کی منتقلی کے لیے آتے ہوئے دیکھا گیا۔ گروپ نے یہ بھی بتایا کہ اس نے جبلیہ میں ایک D9 فوجی بلڈوزر کو بھی نشانہ بنایا۔ اسرائیلی افواج نے بکتر بند گاڑیوں کا استعمال کرتے ہوئے شمالی مغربی کنارے کے شہر جنین کے جنوب میں واقع گاؤں عنزہ پر بھی چھاپہ مارا۔فلسطینی قیدیوں کے میڈیا آفس کی رپورٹ کے مطابق، اسرائیلی فورسز نے غزہ کے ساحل پر تین فلسطینی ماہی گیروں پر فائرنگ کی اور انہیں گرفتار کر لیا۔ دریں اثناء ہفتے کو رات گئے دسیوں ہزاروں اسرائیلی غزہ میں موجود قیدیوں کی رہائی کیلئے سڑکوں پر نکل آئے ، مظاہرین نے بینرز اٹھا رکھے تھے ، مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ حماس کیساتھ ایک "جامع" معاہدہ کیا جائےجس سے غزہ میں جنگ کا خاتمہ ہو اور غزہ میں قید افراد کی رہائی کو یقینی بنایا جا سکے ۔تل ابیب کے جنوب میں واقع شہر نیس زیونا میں کنیسٹ (اسرائیلی پارلیمنٹ) کے عرب رکن ایمن عودہ کی گاڑی پر اسرائیلیوں نے حملہ کردیا ۔