• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
امریکی جریدہ ’’فوربس‘‘ نے سالانہ فہرست جاری کی ہے اس میں جن ارب پتیوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان کی تعداد اب 1000 سے تجاوز کرکے 1125 ہوگئی ہے، متمول ترین افراد کا یہ گروپ ساری دنیا کی 5.4ٹریلین (کھرب) ڈالرز دولت پر قابض ہے۔ اس میں سے بیشتر امریکہ سے تعلق رکھتے ہیں جبکہ خواتین کے پاس ’’پتی‘‘ نہ ہوں مگر 81 خواتین ایسی ہیں جو ارب پتی ہیں۔ 1125 ارب پتیوں میں 513ایسے ہیں جو اپنی ’’محنت‘‘ کے بل بوتے پر اس دولت کے مالک بنے ہیں ان میں سے تین درجن کے لگ بھگ افراد ہائی اسکول کی تعلیم تک حاصل نہیں کر سکے۔ امریکی سرمایہ دار وارن بفٹ نے مائیکرو سافٹ وئیر کے سربراہ بل گیٹس سے کرہ ارض کے دولت مند ترین شخص کا خطاب چھین لیا ہے وارن بفٹ ایک سرمایہ کار ہیں اور مختلف کمپنیوں میں اپنا سرمایہ لگاتا ہے، کچھ عرصہ قبل وارن بفٹ نے 37ارب ڈالر یعنی اپنی دولت کا 85فیصد خیراتی کاموں کے لئے دینے کا اعلان کیا تھا (اب آپ خود اندازہ لگائیے کہ 15فیصد دولت پاس رکھنے پر بھی دنیا کا امیر ترین شخص ٹھہرا اور اگر یہ بندہ خدا ساری دولت اپنے پاس رکھتا تو دنیا کا کیا حشر ہوتا) اسی طرح ماسکو جو کبھی دنیا کے سوشلسٹوں کا دارالحکومت ہوتا تھا آج کل دنیا کے ارب پتیوں کا دارالحکومت بن گیا ہے یوں سمجھ لیجئے کہ یہاں قدم قدم پر ارب پتی بستے ہیں یا بقول شخصے کہیں سے اینٹ اکھاڑئیے تو نیچے سے ارب پتی نکل آتا ہے یہی وجہ ہے کہ دنیا کے سرکردہ ارب پتی افراد میں شامل 89افراد جن کا خزانہ اوسطاً 6.1 بلین ڈالر ہے روسی دارالحکومت ماسکو میں مقیم ہیں یا یوں سمجھئے کہ ماسکو نے نیویارک کی جگہ سنبھال لی ہے، فوربس میگزین کی رپورٹ کے مطابق امریکہ 495، روس 89 اور جرمنی 59 کے بعد ہمارے ’’دشمن‘‘ بھارت کے پاس سب سے زیادہ ارب پتی ہیں۔ اس کے علاوہ لندن 38 ارب پتی، استنبول 34، ہانگ کانگ 30ارب پتی افراد کے ساتھ جی رہا ہے۔دنیا کے دس امیر ترین افراد کی فہرست میں شامل فوربس جریدہ کے مطابق امریکہ کے دو، بھارت کے چار، لاطینی امریکہ، سوئیڈن، جرمنی اور روس کا ایک ایک سرمایہ دار سرفہرست ہے۔ وارن بوفیٹ یا بفٹ کے بعد دوسرا نمبر کارلوس سالم کا ہے اس کے اثاثوں کی کل ملکیت 60ارب ڈالر سے زیادہ ہے۔ کارلوس میکسیکو کا رہنے والا ہے لیکن یہ لبنان سے ہجرت کرکے میکسیکو آنے والے ایک تاجر کا بیٹا ہے، اس نے اپنی کاروباری زندگی کا آغاز پراپرٹی ڈیلر کے طور پر کیا تھا۔ جس کے بعد اس نے حصص کا کاروبار شروع کردیا اور پھر ٹیلی کام کے شعبے میں آگیا اس کے بعد تیسرے نمبر پر آتا ہے بل گیٹس… جس کے بارے میں آج ہم بات کریں گے۔ سوفٹ وئیر کے بانی چیئرمین بل گیٹس کے نام سے شاید ہی کوئی پڑھا لکھا واقف نہ ہو۔ وہ 2007ء تک دنیا کا امیر ترین آدمی رہا ہے لیکن جیسا کہ میں نے پہلے بتایا گزشتہ سال کے اواخر میں یہ اعزاز میکسیکو کے کارلوس سالم یا سلم نے اپنے نام کرلیا لیکن کاروباری دنیا میں جس تیزی سے اتار چڑھائو آرہے ہیں اس کے پیش نظر مجھے یقین ہے کہ یہ جوان بہت جلد دوبارہ یہ اعزاز حاصل کرلے گا۔ بل گیٹس کی دولت کا اندازہ 58بلین ڈالر لگایا گیا ہے جس میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ اضافہ ہورہا ہے۔ بل گیٹس کی دولت کے بارے میں آج یہاں چند دلچسپ باتیں پیش کررہا ہوں جن سے میرے حساب کے مطابق بہت سے قارئین ناواقف ہوں گے۔ہر گزرتا سیکنڈ بل گیٹس کی دولت میں 250ڈالر کا اضافہ کررہا ہے اس کا مطلب یہ ٹھہرا کہ یہ شخص ہر روز 21.6 ملین ڈالر کماتا ہے۔اگر بل گیٹس کے ہاتھ سے ایک ہزار ڈالر کا نوٹ گر جائے تو اسے اٹھانے کی قطعی ضرورت نہیں ہے کہ نوٹ اٹھانے میں اسے چار سیکنڈ لگیں گے اور اس دوران وہ ایک ہزار ڈالر کما چکا ہوگا۔امریکہ اس وقت 7.3 ٹریلین ڈالر کا مقروض ہے اگر بل گیٹس اکیلے ہی اپنے ملک کا قرض چکانے پر آجائے تو ایسا کرنے میں اس کو دس سال بھی نہیں لگیں گے۔ دنیا کے ہر باشندے کو 15ڈالر دینے کے بعد بھی اس کے پاس 5ملین ڈالر بچ جائیں گے امریکی ایتھلیٹ مائیکل جارڈن کی سالانہ آمدنی 30ملین ڈالر ہے اگر وہ ایک ڈالر بھی خرچ نہ کرے تب بھی اسے بل گیٹس جتنا امیر اور دولت مند بننے میں 277 برس لگ جائیں۔اگر بل گیٹس کو بذات خود ایک ملک تصور کرلیا جائے تو دنیا کے امیر ترین ممالک میں اس کا نمبر 35واں ہوگا۔اگر بل گیٹس کی تمام دولت کو ایک ڈالر کے نوٹوں میں تبدیل کرلیا جائے تو انہیں ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے 713بوئنگ طیارے استعمال ہوں گے اور اگر ان نوٹوں کو لمبائی میں ترتیب دیا جائے تو ان کی لمبائی زمین اور چاند کے درمیانی فاصلے سے 14گنا زیادہ ہوگی۔28؍اکتوبر 2008ء کو بل گیٹس 53برس کا ہوگیا ہے اگر وہ مزید 35برس زندہ رہا اور اس عرصہ میں وہ اپنی دولت خرچ کرنا چاہے تو اسے روزانہ 6.79ملین ڈالر خرچ کرنے پڑیں گے۔اگر مائیکرو سافٹ ونڈوز کے یوزرز کو ہر بار کمپیوٹر ہینگ ہونے پر ایک ڈالر جرمانہ ادا کرنا پڑے تو دنیا کا یہ دوسرا امیر ترین شخص صرف تین سال میں قلاش ہوجائے یہ ہے بل گیٹس، جو آج قارون کے خزانے پانے کے باوجود اپنی ماں سے بے حد محبت کرتا ہے جبکہ اسے وفات پائے کئی برس ہوچکے ہیں، اس نےدوسروں سے حاصل کی ہوئی دولت سے ماں کے نام پر اسپتال تو تعمیر نہیں کیا البتہ اپنی دولت سے ایک ارب ڈالر کا سرمایہ ماں کے نام پر خیراتی کاموں میں صرف کرچکا ہے اور ہر سال اس کا اعادہ کرتا ہے۔
تازہ ترین