کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پانچ اگست یومِ استحصال کشمیر تھا قوم کشمیر سے یکجہتی کے لیے نکلی جبکہ تحریک انصاف فتنہ و فساد میں مصروف تھی ماضی کو دیکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات ناگزیر تھے کیونکہ ان کے رہنما اسلحہ لانے کی بات کر چکے ہیں۔ جیل میں قیدیوں سے ملاقاتوں کے دوران احتجاجی ماحول پیدا نہ کیا جائے تو سیاسی ملاقاتوں میں رکاوٹیں دور کی جا سکتی ہیں۔ ایس آئی ایف سی کے ذریعے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری آئی ہے خیبرپختونخوا میں نیا آپریشن نہیں ہو رہا جہاں دہشتگردی ہے وہاں کارروائی لازم ہے۔ چودہ اگست کو قوم پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتی ہے مگر یہ لوگ عمران خان زندہ باد کے نعرے لگائیں گے۔پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف ڈاکٹر نثار جٹ نے کہا کہ 5 اگست کو ہمارے خلاف اقدامات سے کہیں جمہوریت نظر نہیں آئی۔رکن قومی اسمبلی تحریک انصاف ڈاکٹر نثار جٹ نے ضمنی الیکشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری پہلی کوشش یہ ہے کہ عدلیہ سے ہم ریلیف لیں اور ہم نے پشاور ہائیکورٹ سے رہنمائی بھی لی ہے۔