• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم ڈی اے کی سب سے اہم انفورسمنٹ برانچ افسران سے محروم

ملتان( سٹاف رپورٹر)شہر میں غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کارروائی کرنے والی ایم ڈی اے کی سب سے اہم انفورسمنٹ برانچ افسران سے محروم‘ اضافی چارج سے کام چلایا جانے لگا‘ الاؤنس لینے والے افسران و ملازمین نے انفورسمنٹ برانچ کی بجائے اپنی اصل سیٹوں پر بیٹھ کر حکم چلانا معمول بنالیا، ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ ایم ڈی اے شعبہ انفورسمنٹ کے ڈائریکٹر کا چارج ایکسئن ہیڈ کوارٹر کے پاس ہے جنہیں ڈائریکٹر اسٹیٹ کا چارج بھی دیا گیا ہے ‘ ڈائریکٹر اسٹیٹ سارا دن ہیڈ آفس میں موجود اپنے اسٹیٹ اینڈ لینڈ منیجمنٹ اور ایکسئن ہیڈ کوارٹر کے دفتر میں بیٹھتے ہیں اور الاؤنس ‘سرکاری گاڑی انفورسمنٹ برانچ کی استعمال کرتے ہیں‘ اسی طرح اسٹیٹ اینڈ لینڈ برانچ کے ایک کرپٹ کلرک کو سابق ڈی جی کی سفارش پر انفورسمنٹ برانچ کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا چارج دیا گیا ہے جو کبھی انفورسمنٹ برانچ کا وزٹ کرنا گوارا نہیں کرتے اورصرف الاؤنس وصول کرنے کی ذمہ داری نبھارہے ہیں، اسی طرح ٹاؤن پلاننگ کی ایک اسسٹنٹ ڈائریکٹر کو بھی انفورسمنٹ برانچ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر کا اضافی چارج دیا گیا ہے ‘ افسران کی شدید کمی کے باعث انفورسمنٹ برانچ کی کارکردگی بری طرح متاثر ہورہی ہے‘ عوامی حلقوں اور ایم ڈی اے ملازمین نے ڈائریکٹر جنرل سے انفورسمنٹ برانچ میں مستقل طور پر قابل افسران کی تعیناتی کا مطالبہ کیا ہے۔
ملتان سے مزید