اسپین میں تعطیلات پر جانے والے جوڑے نے اپنے بیٹے کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہونے پر اسے ایئرپورٹ پر ہی چھوڑ دیا۔
شمال مشرقی اسپین میں واقع بارسلونا کے ایل پرات ایئرپورٹ کی ایک ایئر ٹریفک کنٹرولر نے حال ہی میں عجیب و غریب واقعہ سنایا، جس میں والدین 10 سالہ کمسن بیٹے کو ایئرپورٹ پر چھوڑ کر چلے گئے۔
لیلین لیمسین نامی اس خاتون ایئرپورٹ ایمپلائی نے مذکورہ بالا واقعہ اپنے ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کیا۔
انھوں نے بتایا کہ وہ معمول کے مطابق کام کر رہی تھیں اور ایک جہاز کی کاسابلانکا (مراکش) روانگی کے وقت صبح ساڑھے 8 بجے ایک ایمرجنسی پیغام موصول ہوا کہ طیارے کو آئندہ احکامات تک گراؤنڈ کر دیں۔
اس سے چند منٹ قبل کیٹلان پولیس نے ایک کمسن بچے کو ٹرمینل پر تنہا پایا، جس نے پولیس کو بتایا کہ اس کے والدین اس کے بغیر ہی چلے گئے۔ جس کے بعد ایئرپورٹ پر والدین کے لیے ایک ایمرجنسی کال دی گئی، لیکن کوئی نہیں آیا۔
جس پر ایئرپورٹ اسٹاف نے بچے سے والدین کی معلومات مانگی تو انھیں اندازہ ہوا کہ والدین تو پہلے کاسابلانکا جانے والے جہاز پر سوار ہیں۔ جس پر ہسپانوی سول گارڈ نے درخواست کی طیارے کی روانگی اس معاملے کے حل ہونے تک روک دی جائے۔
جب پولیس نے لڑکے کے والدین سے پوچھ گچھ کی، تو ان کی وضاحت حیران کن تھی۔ انکا کہنا تھا کہ اپنے دو بچوں کے ساتھ آبائی ملک مراکش چھٹیاں منانے جانا تھا، لیکن جب بورڈنگ کے لیے دستاویزات چیک کی تو پتہ چلا کہ بڑے بچے کے پاسپورٹ کی معیاد ختم ہوچکی ہے تو ہم نے اپنی تعطیلات کو منسوخ کرنے کے بجائے بچے کو ایئرپورٹ پر چھوڑ کر ایک رشتہ دار کو فون کرکے کہا وہ اسے لے جائیں کیونکہ ہمیں فلائٹ پکڑنے کی جلد تھی۔
لیلین لیمسین کے مطابق بچے کا نیشنل پاسپورٹ ایکسپائرڈ ہوگیا تھا اور وہ اپنے ہسپانوی پاسپورٹ پر سفر کر رہا تھا لیکن اسے ایک کارآمد ویزے کی ضرورت تھی جو نہیں تھا تو انھوں نے بچے کو ایئرپورٹ پر چھوڑ کر اپنے رشتے دار کو فون کر دیا کہ وہ اسے لے جائیں۔
پولیس انکے جواب سے مطمئن نہیں ہوئی اور ان پر بچے کو چھوڑنے اور فلائٹ میں تاخیر کا چارج عائد کیا، جس کے حوالے سے ابھی تفتیش جاری ہے۔