• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
سوال۔سر میں بی بی اے آنرز کر رہی ہوں اور میں اپنی موجودہ تعلیمی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہوں کیونکہ میں چارٹرڈ اکائونٹنٹ بننا چاہتی تھی لیکن میں نے اپنے بڑوں کے مشورے کے مطابق بزنس کی تعلیم شروع کی۔ میں جس یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہوں ان کا گریڈنگ سسٹم بہت سخت ہے میں ایک ذہین طالبہ ہوں لیکن میں اس ڈگری میں کوئی نمایاں کارکردگی نہیں دکھا پائی، میری آپ سے گزارش ہے کہ مجھے بتائیں میں ماسٹرز میں کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کروں؟ (حنا عمران،گوجرہ)
جواب۔بزنس اسٹڈیز ایک بہت بہترین مضمون ہے اور میں آپ کو یہ مشورہ دوں گا کہ آپ اپنی ڈگری جاری رکھیں اور کوشش کریں کہ آپ ایک اچھا سی جی پی اے حاصل کرنے میں کامیاب ہوں۔ ماسٹرز کے لئے آپ فنانشل مینجمنٹ یا اسلامک بینکنگ کا انتخاب کر سکتی ہیں جو کہ آپ کو ایک بہترین اکائونٹنٹ بننے میں مددگار ثابت ہو گا۔
سوال۔میرا بیٹا بی ایس آنرز فزکس کے پانچویں سمسٹر میں ہے اور اس کی ابھی تک کی مجموعی پرسنٹیج 60سے 70فیصد ہے مجھے آپ سے یہ جاننا ہے کہ وہ اپنے بہترین مستقبل کے لئے ایم ایس میں کس اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرے؟ (سلیمان، اوکاڑہ)
جواب۔اگر آپ کا بیٹا بی ایس فزکس میں مکمل کرتا ہے تو بین الاقوامی سطح پر موجود یونیورسٹیوں میں اس مضمون کے حوالے سے پاکستانی طلبہ کے لئے چند پابندیاں موجود ہیں اور مجھے ڈر ہے کہ آپ کا بیٹا اس ایریا میں انٹرنیشنل لیول پر ہائر ایجوکیشن نہیں جاری رکھ پائے گا۔چنانچہ آپ کے بیٹے کے لئے بہترین مضمون اور اسپیشلائزیشن سوفٹ ویئر انجینئرنگ /ڈیولپمنٹ ہیں اور مجھے امید ہے کہ آپ کے بیٹے کے پاس کمپیوٹرز کے حوالے سے بنیادی معلومات ضرور ہوں گی۔
سوال۔ سرمیں نے بی ایس سی کے پیپرز دیئے ہیں اور میں ایم ایس سی زوالوجی میں داخلہ لینا چاہتا ہوں کیا میرے لئے زوالوجی کا شعبہ بہتر ہے؟ میں مونٹیسری میں بھی ایک سال کا ڈپلومہ کر رہا ہوں۔برائے مہربانی مجھے اس مضمون کے حوالے سے ملازمت کے مواقع بتائیں اور اس کی مانگ کہاں زیادہ ہے؟ کیا اس ڈپلومہ کی بنا پر بیرون ملک مونٹیسری اسکول میں ملازمت حاصل کی جا سکتی ہے؟ (یاسر شفیع۔اسلام آباد)
جواب۔میرا مشورہ ہے کہ آپ زولوجیکل سائنسز کے بجائے بائیولوجیکل سائنسز میں ماسٹرز کریں۔ مونٹیسری اور ارلی چائلڈ ہوڈ اسپیشلسٹ کی اندرون اور بیرون ملک اچھی مانگ ہے۔
سوال۔محترم عابدی صاحب میں آپ کی محنت اور خدمات کی قدر کرتا ہوں۔ کیریئر کونسلنگ کے لئے پاکستان میں کوئی باقاعدہ ادارہ نہیں ہے جس سے طالب علم اور والدین رہنمائی حاصل کر سکیں۔ میرا سوال یہ ہے کہ اسکول میں داخلے کے لحاظ سے بچوں کی بہترین عمر کون سی ہے۔3,4,5یا 6 سال؟ (سجاد احمد شاہ۔شیخوپورہ)
جواب۔اسکول میں داخلے کے لئے تین سال کی عمر بہترین تصور کی جاتی ہے۔ اس عمر کے بچے پری اسکول اور نرسری میں جانا شروع کر دیتے ہیں۔ اس سے بچے کو اسکول کے ماحول کی آگاہی ملتی ہے اور اس کا نئے ماحول میں جانے کا ڈر کم ہوتا ہے۔اس پورے عمل کو پیرنٹ چائلڈ سیپیریشن کہتے ہیں اور اس عمل کا مقصد بچے میں خود اعتمادی پیدا کرنا ہے۔
سوال۔ سر میں نے 2012ء میں ایک گائوں کے ڈگری کالج سے گریجویشن کیا ہے اور اب میں اکنامکس میں ماسٹرز کر رہا ہوں برائے کرم مجھے ماسٹرز کے بعد ملازمت کے امکانات اور مواقع کے بارے میں بتائیں اور مجھے مشورہ دیں کہ میں کس فیلڈ میں اپنا کیریئر بنائوں؟ (جہانزیب،سرگودھا)
جواب۔اکنامکس ایک بہت مضبوط مضمون ہے اور میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ اپنا ماسٹرز مکمل کرنے کے بعد بڑے شہر کی طرف آئیں اور ڈپلومہ بینکنگ اینڈ فنانس میں کریں ،اس سے آپ کو کیریئر بنانے کے مواقع اور ذرائع حاصل ہوں گے۔
تازہ ترین