• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔سر میں فارم ڈی کا طالب علم ہوں برائے کرم مجھے بتائیں کہ میں اپنا کیریئر بہتر بنانے کے لئے فارم ڈی کے بعد سی ایس ایس کروں یا مجھے اپنی فیلڈ کا تجربہ حاصل کرنے کے لئے کام کرنا چاہئے؟(احسن خان،کراچی)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ فارمیسی میں ہی اپنا کیریئر بنائیں فارمیسی کرنے کے بعد مجھے لگتا ہے کہ آپ مارکیٹنگ میں ڈپلومہ کریں،جس سے یقیناً آپ کو ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔
س۔سر میں نے ڈی اے ای الیکٹریکل کیا ہے اور میں آگے اپنی تعلیم جاری رکھنا چاہتا ہوں میری دلچسپی فزکس کے مضمون میں ہے۔ برائے کرم مجھے بتائیں کہ میں کون سی فیلڈ میں جائوں یا مستقبل میں مجھے کون سا شعبہ اختیار کرنا چاہئے؟ (الیاس ساہی ،بہاولپور)
ج۔ڈی اے ای الیکٹریکل کے ساتھ میں آپ کو یہ مشورہ دوں گا کہ آپ ٹیلی کمیونی کیشن یا وائرلیس میں جائیں اور بی ایس سی انجینئرنگ کریں۔
س۔سر میں نے بی ایس سی (آنرز) الیکٹرونکس گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سے 2013ء میں کیا اور اب میں مارکیٹنگ کے شعبے میں ملازمت کر رہی ہوں۔ یہ شعبہ میری تعلیم سے بالکل مختلف ہے اور بدقسمتی سے اس شعبے میں خواتین بہتر طریقے سے کام نہیں کر سکتیں۔ میں اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتی ہوں اور ساتھ ساتھ میں اپنی ملازمت بھی جاری رکھوں گی، آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں کہ میرے لئے بہتر فیلڈ کون سی ہے؟(منزہ قیصر،لاہور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ موجودہ ڈگری کے ساتھ ماسٹرز مینجمنٹ میں کریں اور آپ ٹیکنالوجی مینجمنٹ یا انڈسٹریل مینجمنٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتی ہیں۔ اس سے آپ کا کیریئر مینجمنٹ ایریا کی طرف شروع ہو گا۔
س۔میری بھتیجی لاہور میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج سے ڈاکٹر آف فزیکل تھرپی کر رہی ہے برائے کرم مجھے بتائیں کہ پاکستان میں اس کا کیا اسکوپ ہے تعلیمی میدان میں اس کو آگے کیا کرنا چاہئے؟ کیا اسے بیرون ملک جانا چاہئے؟ کیااس کے متعلقہ شعبے میں آگے بڑھنے کے امکانات پاکستان میں موجود ہیں؟
میری ایک اور بھتیجی میٹرک کی طالبہ ہے اور وہ ریاضی کے مضمون میں بہت اچھی ہے کیا پاکستان میں کوئی ایسا ادارہ موجود ہے جہاں وہ ایکچوریل سائنس پڑھ سکے اور اس فیلڈ کا پاکستان میں کیا اسکوپ ہے؟ (عرفان احمد،لاہور)
ج۔آپ کی بھتیجی نے ایک بہترین مضمون کا انتخاب کیا ہے اس کی مانگ بیرون ملک اور پاکستان میں موجود ہے میرا یہ مشورہ ہے کہ وہ اپنا کورس مکمل کرے اور چند سال اپنے شعبے میں کام کر کے تجربہ حاصل کرے۔ جس کے بعد وہ یو کے،کینیڈا،یو ایس اے میں سے کسی بھی ملک میں فزیوتھراپی کے لئے اپلائی کر سکتی ہے اور مجھے امید ہے کہ اگر وہ اچھے گریڈ حاصل کرنے میں کامیاب ہوتی ہے تو وہ اسکالرشپ کے لئے بھی اپلائی کر سکتی ہے۔
دوسری بھتیجی کے لئے آپ لاہور کے کالجوں میں تلاش کریں اگر ایکچوریل سائنس پڑھایا جاتا ہے کیونکہ مجھے شبہ ہے کہ پاکستان میں یہ ڈگری فل ٹائم نہیں کرائی جاتی۔
س۔سرمیں نے انٹرنیشنل ریلیشن میں ماسٹرز کیا ہے اور اب میں ایل ایل بی کر رہا ہوں،میں اپنے مستقبل کو لے کر بہت پریشان ہوں۔ میری رہنمائی کریں کہ میں سی ایس ایس کروں یا کچھ اور؟ آپ سے گزارش ہے کہ آپ مجھے مشورہ دیں (ذوالفقار حیدر۔گوجرنوالہ)
ج۔میں یہ سمجھتا ہوں کہ آپ کو سی ایس ایس کے لئے ضرور اپلائی کرنا چاہئے اور مجھے امید ہے کہ انٹرنیشنل ریلیشن اور لاء کی تعلیم سی ایس ایس کرنے میں آپ کی بہت مدد کرے گی اور انشاء اللہ آپ یہ امتحان بنا کسی مشکل کے پاس کر لیں گے۔
تازہ ترین