پشاور(جنگ نیوز) امیر جماعتِ اسلامی خیبر پختونخوا وسطی عبدالواسع کی صدارت میں ریٹائرڈ سرکاری افسران، ڈاکٹرز، انجینئرز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے سینئر شہریوں کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں 21 تا 23 نومبر کو مینارِ پاکستان لاہور میں ہونے والے جماعتِ اسلامی پاکستان کے اجتماعِ عام کی تیاریوں اور منصوبہ بندی پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں سابق رکن قومی اسمبلی اور صوبائی جنرل سیکرٹری صابرحسین اعوان،صوبائی نائب امیر مولانا ڈاکٹر ہدایت اللہ سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع نے کہا کہ ملک کو درپیش معاشی و سیاسی بحرانوں سے نجات صرف ایماندار قیادت، اسلامی طرزِ حکمرانی اور منصفانہ نظام کے نفاذ سے ممکن ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی پاکستان کو ایک عدل و انصاف پر مبنی اسلامی فلاحی ریاست بنانے کے لیے جدوجہد کر رہی ہے، جہاں حکمران خوفِ خدا اور احساسِ جوابدہی کے جذبے سے فیصلے کریں۔اجلاس میں ریٹائرڈ افسران، ڈاکٹرز اور دیگر شعبہ جات کے نمائندے شریک تھے۔ اس موقع پر شاکراللہ کو اجلاس کا کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا۔ شرکا نے اجتماعِ عام کی کامیابی کے لیے بھرپور شرکت اور مالی تعاون کا عزم ظاہر کیا۔