کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) چیئرمین انٹرنیشنل اوورسیز اکنامک کوریڈور مصطفیٰ انصاری اور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے صدر حاجی محمد ایوب مریانی ودیگر نے کہا ہے کہ زمینی راہداریاں کسی بھی خطے،ملک اور صوبے کی معاشی سمت کا تعین کرتی ہیں بلوچستان میں مایوسی کے بیانیے کو ترقی ،روزگار اور سرمایہ کاری میں بدلنا وقت کی اہم ضرورت ہے اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کوئٹہ بلوچستان کے عہدیداران و ممبران کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صنعت و تجارت کوئٹہ بلوچستان میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا مقررین کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی زمینی صورتحال ملک کی دیگر اکائیوں سے یکسر مختلف ہیں اس لئے حکومت کو چاہیئے کہ بلوچستان کی بزنس کمیونٹی کو ٹیکسز و دیگر مدات میں خصوصی رعایت دے ان کا کہنا تھا کہ ہم انٹرنیشنل اوورسیز اکنامک کوریڈور کو خطے ،ملک اور صوبے کےلئے ترقی کا دروازہ سمجھتے ہیں بےروزگاری کے عفریت سے نمٹنے کےلئے ضروری ہے کہ کاروباری طبقے کی سرپرستی کی جائے اور ملک وہ صوبے میں موجود کاروباری مواقع سے مستفید ہوا جائے سیمینار سے مرکزی انجمن تاجران کے صدر عبد الرحیم کاکڑ اور مختلف ایسوسی ایشنز کے عہدیداران و ممبران نے بھی اظہار خیال کیا اور زمینی راہداریوں اور قانونی کاروبار سے متعلق مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔