کراچی( اسٹاف رپورٹر )شہر میں ہیوی ٹریفک کی ٹکر سے شہریوں کی ہلاکت کا سلسلہ جاری ہے،ٹریفک حادثات میں 3 افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ماڑی پور ٹرک اڈہ گیٹ نمبر 6 کے قریب ٹرالر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار ایک نوجوان جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔متوفی کی شناخت 18 سالہ عصمت ولد اعجاز اور زخمی کی 18 سالہ نوید کے نام سے ہوئی۔جاں بحق اور زخمی نوجوان نجی اسکول کے طالب علم اور ہاکس بے کے رہائشی ہیں۔دونوں اسکول سے چھٹی کے بعد موٹر سائیکل پر گھر واپس جارہے تھے کہ ماڑی پور ٹرک اڈے کے گیٹ پر حادثہ ہوا۔پولیس نے ٹرالر کوتحویل میں لے کر تھانہ منتقل کردیا ہے جبکہ ٹرالر کا ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود قائد آباد غوثیہ ہوٹل کے قریب آئل ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سوار شخص جاں بحق ہو گیا جس کی لاش کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں متوفی کی شناخت 27 سالہ عمران کے نام سے ہوئی۔پولیس نے آئل ٹینکر کو تحویل میں لے کر ڈرائیور کو حراست میں لے لیا ہے۔دوسری جانب 29 اکتوبر کی شب کورنگی کوسٹ گارڈ چورنگی کے قریب ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے والا شخص ہفتہ کو دوران علاج جناح اسپتال میں دم توڑ گیا۔متوفی کی شناخت 50 سالہ رفیق ولدیت محمد انور کے نام سے ہوئی۔