کراچی (رفیق مانگٹ) امریکی اخبارنیو یارک ٹائمز کے مطابق، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سات سال بعد نومبر کے وسط میں اپنا پہلا ریاستی دورہ امریکا کر رہے ہیں، جہاں ان کے ایجنڈے میں امریکا کے ساتھ ایک باہمی دفاعی معاہدہ پر دستخط سرفہرست ہیں۔ یہ معاہدہ قطر-امریکا سیکورٹی ڈیل کی طرز پر ہوگا اور کانگریس کی باضابطہ توثیق کے بغیر نافذ کیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت دونوں ممالک ایک دوسرے کی سلامتی کے ضامن ہوں گے۔سعودی عرب اپنے دفاعی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے امریکی ایف-35 اسٹیلتھ جنگی طیارے حاصل کرنے کا خواہاں ہے، جب کہ ساتھ ہی وہ امریکی ٹیکنالوجی سے سویلین جوہری پروگرام کے قیام کی ڈیل کو بھی تیزی سے آگے بڑھانا چاہتا ہے۔ اخبار کے مطابق جوہری ڈیل اور دفاعی معاہدہ حاصل کرنا چاہے یہ کانگریس سے توثیق شدہ معاہدہ نہ ہو، جیسا کہ شہزادہ نے پہلے درخواست کی تھی ،شہزادہ محمد کے لیے ایک کامیابی ہوگی۔ دورے سے قبل صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب سال کے اختتام تک اسرائیل کو تسلیم کر لے گا۔