کوئٹہ (آئی این پی )بلوچستان کے ضلع کوہلو میں نامعلوم مسلح افراد کے تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر ہونے والے حملے میں لیویز فورس کا ایک اہلکار شہید جبکہ ایک اور اہلکار سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ۔ لیویز فورس کے اہلکاروں کی بروقت کارروائی کی وجہ سے حملہ آور مزدوروں کو نقصان نہیں پہنچا سکے۔ سرکاری حکام کے مطابق یہ حملہ گذشتہ شب کوہلو سے اندازا 20 کلومیٹر دور کوہلو ڈیرہ غازی خان روڈ پر کیا گیا۔لیویز فورس کے رسالدار میجر شیر محمد مری نے فون پر بی بی سی کو بتایا کہ لیویز فورس کے اہلکاروں کی مزاحمت کی وجہ سے حملہ آور کیمپ میں داخل نہیں ہو سکے۔ان کا کہنا تھا کہ مزاحمت کے دوران گولی لگنے سے لیویز فورس کا ایک اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک مزدور بھی زخمی ہوا۔