ٹنڈوجام (نامہ نگار) سنیئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ عوامی خدمت پیپلز پارٹی کی پہلی ترجیح ہے اور اسے عبادت سمجھتی ہے، حلقے کے عوام کے تمام بنیادی مسائل حل کئے جائیں گے، اور سہولتیں فراہم کی جائیں گی، صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار راول ہاؤس راہوکی ٹنڈوجام میں اپنے حلقے کے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، حلقے کے عوام کی طرف سے شرجیل انعام میمن کو ترقیاتی اور عوامی بھلائی کے منصوبوں کے بارے میں آگاہی دی گئی، جس پر صوبائی وزیر نے عوامی مسائل سنے اور متعلقہ اداروں کے افسران کو ہدایات جاری کیں کہ ان کے حلقے میں جاری عوامی سہولتوں والے منصوبوں میں تیزی لائی جائے اور انہیں جلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو سہولت فراہم کی جائے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وہ اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ان کے مسائل حل کرتے رہیں گے۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مقامی رہنما اور کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔