کراچی (نیوز ڈیسک) سفارتکاروں اور ماہرین امور خارجہ نے کہاہے کہ موجودہ عالمی حالات میں اقوام متحدہ کی اہمیت بڑھ گئی ہے جبکہ چیلنجز میں بھی اضافہ ہوگیا ہے، عالمی ادارہ امن کے فروغ میں کردار ادا کرے، آج کے طلبہ کو بین الاقوامی ادارے کے بارے میں آگاہی کی ضرورت ہے۔ شعبہ بین الاقوامی تعلقات وفاقی اردو یونیورسٹی کے زیرِ اہتمام اقوام متحدہ کے عالمی دن پر سیمینار منعقد کیا گیا۔سیمینار کی صدارت سابق ممتاز سفارت کار جمیل احمد خان نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی کے طور پر سابق سفارت کار جی آر بلوچ، پاک جاپان انٹیلیک فورم کے صدر اقبال برما، اور اسلامی جمہوریہ ایران کے وائس قونصل جنرل غلام عباس زابلی نے شرکت کی۔شرکاء نے یونائیٹڈ نیشن ڈے کی مناسبت سے اقوامِ متحدہ کے قیام، کردار اور عالمی امن کے فروغ میں اس کے تاریخی کردار پر روشنی ڈالی۔صدرِ مجلس جمیل احمد خان نے کہا کہ اقوامِ متحدہ عالمی تنازعات کے حل اور مکالمے کے لیے ایک فورم ہے۔اسےعالمی امن کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔