کراچی (اسٹاف رپورٹر)شہر میں ڈاکوؤں نے ایک اور زندگی کا چراغ گل کر دیا ، رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 79 ہوگئی ، تفصیلات کے مطابق شرافی گوٹھ تھانے کی حدود میں واقع شاہ علی گوٹھ کے قریب محمد سٹی میں گھر میں ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے ایک شہری کو زخمی کر دیا جسے جناح اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی چل بسا،مقتول کی شناخت 50 سالہ شاہد ولد کریم خان کے نام سے ہوئی ہے،پولیس کے مطابق تین مسلح ڈکیت گھرمیں ڈکیتی کے لیے داخل ہوئے تو مقتول نے مزاحمت کی جس پر مسلح ملزمان نے فائرنگ کردی اور فرار ہو گئے،جناح اسپتال میں مقتول کےرشتہ دار محمد عمیر نے بتایا کہ مقتول گھر کا واحد کفیل ، تین بچوں کاباپ اور نجی میڈیسن کمپنی میں ملازم تھا۔