اسلام آ باد ( رانا غلام قادر)سینئربیوروکریسی کیلئے اہم خبر ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے گریڈ20سے21میں ترقی کیلئے لازمی نیشنل سیکورٹی اینڈ وار کورس 2026-27 کیلئے کیلئے نامزدگیاں طلب کر لی ہیں۔گریڈ 21میں ترقی کیلئے لازمی کورس نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں ہوگا،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے وزارتوں کو مراسلہ بھیج دیا، وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو اپنے اہل افسران کے نام 25نومبر 2025تک بھجوا نے کی ہدایت، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ آفس میمورنڈم کے مطابق نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی (این ڈی یو) اسلام آباد میں اگست 2026 سے نیشنل سیکیورٹی اینڈ وار کورس کا آغاز کیا جائے گا جس کیلئے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے افسران کے انتخاب کا عمل شروع کر دیا ہے۔ تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبائی حکومتوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے اہل افسران کے نام 25 نومبر 2025 تک بھجوا دیں۔ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس (PAS)، پولیس سروس آف پاکستان (PSP) اور سیکریٹریٹ گروپ کے افسران کی نامزدگی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کرے گی جبکہ دیگر سروسز یا گروپس کے افسران کے نام متعلقہ وزارتیں یا محکمے ارسال کریں گے۔ کسی محکمے یا خود مختار ادارے کی براہِ راست بھیجی گئی نامزدگی قابلِ قبول نہیں ہو گی، کورس کے لیے وہ افسران اہل ہوں گے جو گریڈ 20 یا اس کے مساوی مستقل طور پر تعینات ہوں، ترقی کے زون میں شامل ہوں، اور 15اگست 2026 تک ان کی عمر 55 سال سے زائد نہ ہو، نامزدگی سینیارٹی، اعلیٰ تعلیمی قابلیت، اور تازہ میڈیکل رپورٹ کی بنیاد پر کی جائے گی، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے واضح کیا ہے کہ کورس میں صنفی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا، اور کم از کم 6 سے 8 خواتین افسران کی نامزدگی کی جائے، جبکہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کم از کم 4 خواتین افسران کی شمولیت یقینی بنائے گی، وہ افسران جو بیرونِ ملک تعینات ہیں، طویل رخصت پر ہیں یا جن کے خلاف انضباطی کارروائی جاری ہے، ان کی نامزدگی نہیں کی جائے گی۔ تاہم ایسے افسران جن کے خلاف کارروائی ایک سال سے زائد عرصے سے زیرِ التواء ہے، ان پر غور کیا جا سکتا ہے۔ نامزدگی کے ساتھ تفصیلی بائیوڈیٹا، سروس پروفارما، سینئرٹی لسٹ، میڈیکل رپورٹ اور ڈسپلنری کلیئرنس سرٹیفکیٹ منسلک کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔ کورس فیس دو لاکھ انہتر ہزار چار سو باسٹھ روپے فی کس مقرر کی گئی ہے۔ وفاقی سروسز کے افسران کی فیس اسٹیبلشمنٹ ڈویژن ادا کرے گی، جبکہ صوبائی حکومتوں اور خود مختار اداروں کے افسران کی فیس ان کے اپنے ادارے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کو ادا کریں گے، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ہدایت کی ہے کہ وزیراعظم کی منظوری کے مطابق کورس کے آغاز سے 15 روز قبل کسی افسر کو کورس سے واپس بلانے کی اجازت صرف انتہائی ناگزیر حالات میں ہی دی جائے گی۔