• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

27 ویں ترمیم آئین پر شب خون، پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی اے پلس ٹیم بن چکی ہے، حافظ نعیم

کراچی(خالد محبوب ۔۔اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ27و یں آئینی ترامیم غیرآئینی اور غیر شرعی ہےجو آئین اور جمہوریت پر شب خون مارنے کے مترادف ہےجسے ہم یکسر مسترد کرتے ہیں، بد قسمتی سے جمہورت کا راگ الاپنے والی پارٹیوں کا طرزِ عمل بھی مکمل غیر جمہوری ہے، پیپلز پارٹی اسٹیبلشمنٹ کی اے پلس ٹیم ہے۔ان خیالات کا اظہار حافظ نعیم الرحمن نے جمعرات کو کراچی پریس کلب کی دعوت پر ”میٹ دی پریس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور صدر کا استثنیٰ کسی طرح بھی درست نہیں، اللہ کے رسول ؐ خلفائے راشدین اور صحابہ کرامؓ خود کو احتساب کے لئے عوام اورعدالت کے سامنے پیش کرتے تھے، حکومت امن قائم کرنا چاہتی ہے تو جماعت اسلامی افغان مسئلے پراپنا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہے۔ 26ویں اور پھر 27ویں آئینی ترامیم سے وہ قوتیں جو آئین اور جمہوریت کو یر غمال بناتی ہیں سب کے سامنے بالکل عیاں ہو گئی ہیں، جو پارٹیاں خود کو جمہوری کہتی ہیں ان کا اپنا رویہ اور انہوں نے کہا کہ ہر پارٹی چاہتی ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کا اس کے سر پر ہاتھ ہو۔کیا مسٹر اور کیا مولانا سب ایک ہیں۔ 27 ویں ترمیم کے ذریعے حکومت اکثریت اور عدلیہ اقلیت میں آگئی ہے جس سے اپنی مرضی سے ججز کا ٹرانسفر کردیا جائے گا، جب سارے رستے بند ہو جاتے ہیں تو عوام کے ہاتھ حکمرانوں کی گردنوں تک پہنچ جاتے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف صاحب سن لیں کہ ایسا نہ ہو کہ آپ کو اور آپ کی پوری کابینہ کو ہیلی کاپٹر بھی میسر نہ آئے۔ گزشتہ آمروں سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے۔ اب دنیا بدل رہی ہے، جنریشن زی بڑے بڑے انقلاب برپا کررہی ہے۔عوام کی رائے کے مطابق پارٹی کو اقتدار میں نہیں آنے دیا جاتا۔ ملک کی تقسیم بھی اسی کی وجہ سے ہوئی کہ عوام کے مینڈیٹ کو تسلیم نہیں کیا گیا اور ملک ٹوٹ گیا، 2 سال قبل بلدیاتی انتخابات میں عوام نے جماعت اسلامی کو مینڈیٹ دیا۔
اہم خبریں سے مزید