• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔میں ایم بی اے بینکنگ کی طالبہ ہوں اور کراچی یونیورسٹی میں یہ میرا آخری سال ہے،لیکن میں ایم بی اے کے بعد نہ تو بینکنگ سیکٹر اور نہ ہی اسلامک بینکاری کے شعبے میں جانا چاہتی ہوں،برائے کرم میری مدد کریں کہ میں کس شعبے کا انتخاب کروں جس سے مجھے فائدہ ہو اور میرے مالی مسائل بھی حل ہو سکیں۔ (نادیہ علی،کراچی)
ج۔یہ ضروری نہیں کہ ایم بی اے کے بعد آپ کسی بینک کے لئے ہی کام کریں،آپ دیگر فنانشل انسٹیٹیوٹ یا ملٹی نیشنل گروپس کے لئے فنانشل سیکشن میں کام کر سکتی ہیں اور اگر آپ کو آپ کے کیریئر کے عین مطابق ملازمت نہیں ملتی تو آپ مینجمنٹ کے شعبے کا انتخاب کر سکتی ہیں۔
س۔میں نے انٹر پری میڈیکل میں اور بیچلرز کامرس میں اور بطور ماسٹرز ایم بی اے فنانس میں کیا ہے،آگے بڑھنے کے لئے مجھے آپ کی رہنمائی درکار ہے کیونکہ میری فیملی کا اصرار ہے کہ میں ایم فل اور پی ایچ ڈی اکنامکس میں کروں،میرا ابھی تک کا تجربہ صرف ٹیچنگ کا ہی ہے آپ سے گزارش ہے کہ میری رہنمائی کریں(عارف خان،بھلوال)
ج۔ایم بی اے کرنے کے بعد آپ کے لئے سب سے ضروری کام کا تجربہ ہے،اس سے پہلے کہ آپ ایم فل یا پی ایچ ڈی کرنے کی منصوبہ بندی کریں ،آپ کو چاہئے کہ آپ ملازمت یا اپرنٹس شپ حاصل کریں اور اس سے آپ کو اپنے اردگرد لوگوں سے بات چیت اور گھلنے ملنے کے مواقع بھی حاصل ہوں گے جس کے نتیجے میں آپ کو ریسرچ کے لئے موضوع کے انتخاب میں آسانی ہو گی جس کی بنا پر آپ ایم فل یا پی ایچ ڈی کر سکتے ہیں۔
س۔میں نے اسلامک انٹرنیشل یونیورسٹی سے ایل ایل بی کیا ہے ،ابھی میں اپنے میجرز کے انتخاب میں بہت الجھن کا شکار ہوں،برائے مہربانی مجھے بتائیں کہ میں کارپوریٹ ایل ایل ایم یا ایل ایل ایم ہیومن رائٹس میں سے کس مضمون کا انتخاب کروں، میری زیادہ دلچسپی ایل ایل ایم ہیومن رائٹس میں ہے،برائے کرم میری رہنمائی فرمائیں (ابرار شاہ، اسلام آباد)
ج۔ایل ایل ایم ہیومن رائٹس کرنے کے بعد آپ کے لئے دنیا کی مشہور اور بہترین ایجنسیوں اور نجی این جی اوز میں کام کرنے کے مواقع موجودہیں جو انسانی حقوق کیلئے کام کرتی ہیں جن میں سے UN, UNESCO, UNICEF قابل ذکر ہیں،کارپوریٹ لاء اپنی ذاتی ترقی تک ہی محدود ہے اگر آپ اپنا کیریئر کامرس اور بزنس میں بنانا چاہتے ہیں تو آپ اس کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
س۔میں این ای ڈی یونیورسٹی سے بی ایس آئی ٹی کر رہا ہوں اور یہ میرا آخری سمیسٹر ہے ،برائے کرم مجھے بتائیں کہ میں اپنے بیچلرز کے بعد کیا کروں،ملازمت یا اپنی تعلیم کو جاری رکھوں اور ایم ایس ٓآئی ٹی کروں یا ایم بی اے کرنا میرے کیریئر کے لئے مددگار ثابت ہو گا؟(مظہر اقبال،کراچی)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ سب سے پہلے یہ کوشش کریں کہ آپ کا بیچلرز اچھے گریڈزاور سی جی پی اے کے ساتھ مکمل ہواور کوشش کریں کہ بیچلرز کے بعد چند سال کے لئے کام کا تجربہ حاصل کریں اور جب آپ کچھ وقت کام کے ماحول میں گزاریں گے تو اس کے بعداسپیشلائزیشن کے انتخاب میں آپ کو مدد ملے گی۔
تازہ ترین