کراچی (اسٹاف رپورٹر) ورلڈ ایڈز ڈے کی مناسبت سے سی ڈی سی (ایچ آئی وی/ایڈز) محکمہ صحت کی جانب سے آگاہی واک اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد تشخیص، علاج اور عوامی آگہی کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا تاکہ ایچ آئی وی/ایڈز کے خلاف جدوجہد کو مضبوط بنایا جا سکے، آگاہی واک میں صحت کے ماہرین، نرسنگ طلبہ و طالبات، سول سوسائٹی، میڈیا سے تعلق رکھنے والے افراد اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی، اس موقع پر ڈاکٹر کنول مصطفیٰ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ورلڈ ایڈز ڈے یہ یاد دہانی کراتا ہے کہ بروقت ٹیسٹنگ اور مناسب علاج زندگی بچا سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ سندھ میں ایچ آئی وی کے بہتر ردِ عمل کیلئے اے آر ٹی سینٹرز، ہیلتھ سروسز کے اداروں اور سی بی اوز کے ساتھ ہم آہنگی کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے، ڈاکٹر غلام علی بوزدار نے کہا کہ سی ڈی سی ون کی یہ کاوش سندھ حکومت کی ترجیح کی عکاسی کرتی ہے، ملک میں ایسے طبقات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا جو اس مرض کے خطرے سے دوچار ہیں،دیگر شرکاء میں ڈاکٹر علی رضا کاندھڑو، ڈاکٹر سسوئی وادھو، کامران عبداللہ، ڈاکٹر غوث بخش ملک شامل تھے۔ نرسنگ کالجز کی فیکلٹی اور طلبہ و طالبات نے بھی بھرپور شرکت کی۔