کراچی( اسٹاف رپورٹر )پیر آباد فرنٹیر کالونی سے دو روز قبل اغوا ہونے والی 10 سالہ بچی عید گاہ پولیس نے بازیاب کروا لی،کارروائی کے دوران تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے،10 سالہ مریم 28 نومبر کو گھر کےباہر کھیلنے گئی تھی اور لاپتا ہوگئی،مریم کے اغوا کے مقدمہ میں اس کی والدہ کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں مالک مکان حیدر شاہ کو نامزد کیا گیا تھا،عید گاہ پولیس کے مطابق گزشتہ شب اطلاع ملی کہ سول اسپتال کا ایک سیکیورٹی گارڈ اپنے ہمراہ کسی بچی کو لے گیا ہے،پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سیکیورٹی گارڈ کو حراست میں لے لیا،سیکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ اس نے لاوارث بچی ایک جاننے والے رکشا والے کو دی ہے تاکہ وہ گھر میں اسے محفوظ رکھ سکے ،پولیس نے سیکیورٹی گارڈ کی نشاندہی پر بچی کو اس کے گھر سے بازیاب کروا لیا اور رکشا ڈرائیور اور اسکے والد کو بھی تحویل میں لے لیا ہے،پولیس نے بتایا کہ بچی مختلف بیانات دے رہی ہے ،پہلے اس نے بتایا کہ وہ والدہ کے ساتھ آئی تھی ، پھر کہا کہ خود آئی تھی اور بعد ازاں بتایا کہ مالک مکان اسے یہاں چھوڑ کر گیا ہے۔