• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اورنگی، ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص جاں بحق، شہریوں کے تشدد سے ڈاکو مارا گیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)اورنگی ٹاؤن بلوچ گوٹھ میں ڈکیتی مزاحمت پر مسلح ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ، مشتعل شہریوں کے تشدد سے ایک ڈاکو بھی ہلاک ہوگیا،واقعہ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور جاں بحق شہری کی لاش اور شدید زخمی ڈاکو کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا جہاں زخمی ڈاکو بھی دوران علاج ہلاک ہو گیا،پولیس کے مطابق مقتول شہری کی شناخت 35 سالہ عبدالحنان ولد محمد عباس کے نام سے ہوئی، مقتول بنارس پر پلاسٹک دانے کا کام کرتا اور ایک بچے کی باپ تھا،پولیس نے بتایا کہ مقتول پیر کی صبح اپنے گھر کی گلی میں داخل ہوا تو دو موٹر سائیکل سوار ملزمان نے روک کر اس کی تلاشی لی ،مقتول کی جیب سے کچھ نہیں ملا تو ملزمان وہاں سے فرار ہونے لگے جس پر عبد الحنان نے شورمچا دیا، مقتول نے ایک ڈاکو کو پکڑا تو انہوں نے اس پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گولی لگنے سے وہ جاں بحق ہو گیا،شہریوں نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ دوسرا ملزم فرار ہوگیا، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی،ملزم کے قبضے سے تیس بور پستول اورجائے وقوع سے ایک خول بھی ملا ہے،واضح رہے کہ شہر میں رواں برس ڈاکوؤں کی فائرنگ سے جاں بحق شہریوں کی تعداد 82 ہو گئی ہے ۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید