کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس کشمیر روڈ میں ڈیڑھ سو ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کئے گئے جدید سوئمنگ پول کا افتتاح کردیا، اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے افسوس ناک واقعہ کی وجہ سے دل بے حد غمگین اور افسردہ ہے، انہوں نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف بھرپور کارروائی عمل میں لائی جائے گی، میئر نے کہا کہ کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں تیار کیا گیا یہ جدید سوئمنگ پول اعلیٰ ترین معیار کی ٹیکنالوجی سے آراستہ ہے، سوئمنگ پول میں پانی کے معیار کی مسلسل نگرانی کے لیے ڈیجیٹل واٹر کوالٹی مانیٹرنگ سسٹم بھی فعال کر دیا گیا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہر میں کھیلوں کے فروغ کے لیے مؤثر اقدامات کررہی ہے۔