کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیو کے پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کےمشیر برائے سیاسی اُمور رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کل ایسا پلان بنایا ہے کہ وزیراعلیٰ سمیت سب کو اڈیالہ جیل سے فاصلے پر روکنا مناسب ہوگا۔ خیبرپختونخوا میں گورنر راج ایک آپشن ہے کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے اگر سہیل آفریدی وفاق کی رٹ کو چیلنج کریں گے تو یہ آپشن آئین کا حصہ ہے۔ اگر آج لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پیدا کرتے ہیں تو ایکشن ہوگا۔ حکومت کے پاس اطلاعات موجود تھیں کہ سہیل آفریدی چھبیس نومبر کو کیا کرنا چاہتے تھے انہوں نے آج بھی ایسا پلان بنایا ہے کہ وزیراعلیٰ سمیت سب کو اڈیالہ جیل سے فاصلے پر روکنا مناسب ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی بالکل خیریت سے ہیں اس حوالے سے افواہیں غلط ہیں۔ کل ان کا اعلیٰ سطح کا وفد اسپیکر سے ملا تھا جس میں راجا ناصر ، اسد قیصر وغیرہ موجود تھے ہم نے انہیں یقین دلایا کہ وزیراعظم جیسے ہی واپس آتے ہیں تو اس کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔