• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میثاقِ معیشت کی خاطر ایف پی سی سی آئی کے دونوں دھڑے متحد

پشاور(جنگ نیوز) میثاقِ معیشت کے قومی ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے دونوں بڑے دھڑے ایک تاریخی پیش رفت میں متحد ہو گئے۔ اس اہم اتحاد کو کاروباری برادری نے ملکی معیشت کے استحکام کی سمت ایک بڑا قدم قرار دیا ہے۔سابق نائب صدر ایف پی سی سی آئی مرزا عبدالرحمن نے کہا کہ بزنس مین پینل (میاں انجم نثار، ناصر حیات مگھو) اور یونائٹڈ بزنس گروپ (ایس ایم تنویر، زبیر طفیل) کا ایک پلیٹ فارم پر آنا پاکستان کی معاشی پالیسیوں میں نئی سمت متعین کرے گا۔انہوں نے بتایا کہ یہ اتحاد جناب گوہر اعجاز کی قائدانہ صلاحیتوں اور مستقل کوششوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے دونوں گروپوں کو قومی مفاد میں یکجا کرکے کاروباری برادری کو ایک مضبوط آواز فراہم کی۔مرزا عبدالرحمن کے مطابق اب ملک کی تقریباً چار سو ٹریڈ باڈیز ایک مشترکہ منشور پر کام کریں گی، جس میں ٹیکس اصلاحات، ٹیکس نیٹ کی توسیع، مالیاتی اداروں میں بہتری اور تاجر برادری کے مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کی یکجہتی کے بعد اب تاجروں کے جائز مطالبات زیادہ مؤثر انداز میں حکومت اور ایف بی آر تک پہنچ سکیں گے، جبکہ معاشی پالیسی سازی کے عمل میں کاروباری طبقے کی شمولیت پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط ہوگی۔مرزا عبدالرحمن نے کہا کہ ’’یہ اتحاد نہ صرف معیشت کے لیے خوش آئند ہے بلکہ اس سے پاکستان کی کاروباری برادری کو ایک نئی سمت اور نیا اعتماد ملا ہے۔‘‘