پشاور(جنگ نیوز)ترجمان ریسکیو1122 بلال احمد فیضی نے بتایا ہے کہ صوبے بھر میں مجموعی طور پر 23368 ایمرجنسیز میں بروقت ریسپانس دیا گیا۔ اس دوران ہزاروں قیمتی جانیں بچائی گئیں اور شہریوں کو ہر سطح پر فوری مدد فراہم کی گئی۔رپورٹ کے مطابق نومبر کے مہینے میں 23368ایمرجنسیز میں خدمات فراہم کی گئیں، جن میں 2359روڈ ٹریفک حادثات، 15124میڈیکل ایمرجنسیز، 483آگ لگنے کے واقعات، 303مخلتف نوعیت کے جرائم ، 20ڈوبنے کے واقعات، 7عمارت گرنے کے واقعات اور 479دیگر نوعیت کی ایمرجنسیز شامل تھیں۔اسی دوران ریسکیو1122 نے ریفریل سروسز فراہم کرتے ہوئے 4690 مریضوں کو بہتر علاج معالجے کے لیے ایک ہسپتال سے دوسرے ہسپتال منتقل کیا، جن میں 2267 مریضوں کو ضلع کے اندر جبکہ 2321مریضوں کو ضلع سے باہر مختلف بڑے مراکزِ صحت تک منتقل کیا گیا۔ مجموعی طور پر22553افراد کو محفوظ طریقے سے ریسکیو کیا گیا جبکہ بدقسمتی سے 512افراد مخلتف ایمرجنسیز کے دوران جاں بحق ہوئے۔ ریسکیو 1122اہلکاروں نے اپنے اوسط رسپانس ٹائم کو 7 منٹ سے کم برقرار رکھا، جو ادارے کی کارکردگی، پیشہ ورانہ تربیت اور ہنگامی صورتحال میں فوری مدد فراہم کرنے کی صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے۔کارکردگی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ ماہِ نومبر کے دوران طلبا، طالبات اور عوام کو بنیادی طبی امداد اور آگ سے بچاؤ کی تربیت فراہم کی گئی۔ حادثات کی روک تھام اور عوامی آگاہی کیلئے ریسکیو اہلکاروں کی ٹیمیں مسلسل میدان میں سرگرم رہیں۔ریسکیو 1122 خیبر پختونخوا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ادارہ صوبے بھر میں ایمرجنسی خدمات کو مزید مؤثر، محفوظ اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اپنا کام جاری رکھے گا۔