کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)گوادر یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل میڈیا کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے یہ بات انہوں نے گوادر یونیورسٹی اور انڈیویجوئل لینڈ کے اشتراک سے میڈیا لٹریسی اور ڈیجیٹل حقوق کے موضوع پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب سے صدارتی خطاب میں کہی انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال معاشرے میں غلط فہمیوں اور بے چینی کا باعث بنتا ہے اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان اس کے مثبت اور موثر استعمال سے واقف ہوں انہوں نے تربیتی ورکشاپ کو طلبا کے لیے نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بھی بناتے ہیں انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل میں ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اس پیشرفت کے پیش نظر تربیت ناگزیر ہےانہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل اسکلز فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کررہی ہے۔