ملتان (سٹاف رپورٹر) ڈی جی نرسنگ پنجاب نے ملتان سمیت صوبہ بھر کی نرسنگ ہاسٹلز سے غیر متعلقہ ،آؤٹ سائیڈز کو بے دخل کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں،اس حوالے سے صوبہ بھر کے تمام پرنسپلز نرسنگ کالجز، میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور متعلقہ افسران کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے ، جس میں واضح کیا گیا ہے کہ نرسنگ ہاسٹلز صرف رجسٹرڈ نرسنگ طالبات کے رہائش کے لیے مختص ہیں اور ان میں رہنے والے کوئی بھی غیر طالبہ افراد چاہے وہ رشتہ دار ہوں، دوست ہوں یا کوئی اور فوراً ہاسٹل خالی کریں۔حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام پرنسپلز اور ہاسٹل وارڈنز 72 گھنٹوں کے اندر ہاسٹلز کا مکمل معائنہ کریں غیر طالبہ افراد کی فہرست تیار کر کے انہیں فوری طور پر ہاسٹل خالی کرنے کا نوٹس جاری کیا جائے جبکہ تعمیل نہ کرنے والے ہاسٹل عملے کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور آئندہ کسی بھی غیر متعلقہ فرد کو ہاسٹل میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی نرسنگ طالبات نے اس فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔ دوسری طرف کچھ طالبات نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جو لڑکیاں دور دراز کے علاقوں سے آئی ہیں اور ان کے گھر والے عارضی طور پر رہ رہے تھے، انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ڈی جی نرسنگ نے واضح کیا ہے کہ یہ حکم فوری عمل درآمد کے لیے ہے اور کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔