• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ خودکش حملے میں شہداءکی تعداد70 ہوگئی

Quetta Blast Death Toll Rises To 70
بلوچستان کا دل کوئٹہ ایک بار پھر دہشت گردی کا نشانہ بنا ہے، خود کش حملے میں شہید افراد کی تعداد 70 ہوگئی، واقعے میں 108 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

دہشت گردوں نے پہلے بلوچستان بارایسوسی ایشن کے صدر بلال انور کاسی کی ٹارگٹ کلنگ کی، وکلا میت لینے اسپتال پہنچے تو خودکش حملہ ہوگیا۔

دھماکا ہوا توہر طرف افراتفری پھیل گئی، اسپتال لاشوں سے بھر گیا، دھماکے میں 8کلو بارودی مواد استعمال کیا گیا،خودکش حملے میں باز محمد کاکڑ سمیت کئی وکیل رہنما شہید ہوئے، کوریج کے لیے آئے میڈیا نمائندے بھی نشانہ بن گئے، دو کیمرا مین شہید ہوگئے۔

سول اسپتال کوئٹہ میں قیامت برپا کر دینے والے مناظر نظر آئے، وہ اسپتال جہاں لوگ اپنی زخموں کی مسیحائی کے لیے آتے ہیں،وہاں مسیحائی کی امید لے کر آنے والوں کے لیےآج ایک قیامت منتظر تھی۔

ایمرجنسی میں وکلاء بہت بڑی تعداد میں موجود تھے کیونکہ دہشت گردوں نے منو جان روڈ پر بلوچستان بار کے صدر بلال انور کاسی کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا، وکلاء ان کی میت لینے اسپتال پہنچے۔

دھماکے سے کچھ لمحے پہلے دیکھا جا سکتا ہے کہ وکیل موجود ہیں،ایک بچہ بھی موجود ہے جبکہ دو خواتین کی گود میں بچے بھی ہیں،لیکن خود کش حملہ آور نے نہ بچوں کی پروا کی نہ خواتین کی،خود کو ایمرجنسی میں اڑا لیا۔

دھماکا ہوا تو ہر طرف کلمہ طیبہ کی آوازیں آنے لگیں، دھماکے کے بعد ہر طرف خون پھیل گیا، درجنوں افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے، زخمی تڑپتے رہے، بچ جانے والے خوش قسمت افراد نے زخمیوں کو سی ایم ایچ اسپتال منتقل کیا۔

دھماکے کے بعد ہر طرف خوف وہراس پھیل گیا، وارڈز میں ہر کوئی اپنی جان بچانے کے لیے بھا گ نکلا، اسپتال میں موجود مریض بھی بستروں سے اٹھ بھاگے۔

ایم ایس سول اسپتال کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں زیادہ تعداد وکلاء کی ہے،ان میں بلوچستان ہائی کورٹ بار کے سابق صدر باز محمد کاکڑاورایڈیشنل سیشن جج محمد علی بھی شامل ہیں۔

اپنے فرائض ادا کرتے ہوئے نیوز چینلز سے تعلق رکھنے والے تین صحافی بھی دھماکے کی زد میں آئے، ان میں سے آج ٹی وی کے کیمرہ مین شہزاد خان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جب کہ ڈان نیوز کے کیمرہ مین محمود اور دنیا ٹی وی کے رپورٹر فریداللہ زخمی ہوگئے،ڈان نیوز کے کیمرہ مین محمود بعد میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں 8کلو گرام دھماکا خیز مواد اور بال بیرنگ بھی استعمال کیے گئے۔
تازہ ترین