• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مین ہول کورز کیلئے ہر یو سی کو ماہانہ ایک لاکھ روپے فراہم کرنے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کراچی میں عوامی تحفظ کو یقینی اور بلدیاتی خدمات کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر یونین کمیٹی (UC) کو ماہانہ ایک لاکھ روپے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، یہ رقم صرف اسٹریٹ لائٹس کی مرمت و بحالی اور مین ہول کورز کی تنصیب یا تبدیلی کے لیے استعمال کی جائے گی، اس اقدام کی باضابطہ منظوری دے دی گئی ہے اور ادائیگی کا آغاز دسمبر سے ہوگا، انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ شہر میں ناخوشگوار واقعات کی روک تھام اور مقامی سطح پر بلدیاتی مسائل کے فوری اور مؤثر حل کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، نئے لوکل گورنمنٹ سسٹم کے تحت کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، ٹاؤنز اور یونین کمیٹیاں قائم کی گئیں ہیں ان میں سے ہر یو سی کو پہلے ماہانہ پانچ لاکھ روپے فراہم کیے جا رہے تھے، تاہم متعدد یونین کمیٹیوں نے اس رقم کو ناکافی قرار دیا، جو ان کے معمول کے کاموں کی انجام دہی میں رکاوٹ بن رہی تھی، ان تحفظات کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت نے ہماری درخواست پر نوٹس لیتے ہوئے ہر یونین کمیٹی کا بجٹ بڑھا کر 12 لاکھ روپے ماہانہ کر دیا تھا، اس سلسلے میں کے ایم سی نے فیصلہ کیا ہے کہ ہر یونین کمیٹی کو مزید ایک لاکھ روپے فراہم کیے جائیں گے، جو صرف اسٹریٹ لائٹس کی مرمت اور مین ہول کورز کی ضروریات پر خرچ ہوں گے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید