سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر گلین میک گرا کے کمنٹری کے دوران ردِعمل کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔
ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز اسپنر لیون وکٹوں میں میک گرا سے آگے نکل گئے۔
میک گرا نے اسپنر نیتھن لیون کے وکٹوں میں آگے نکلنے پر کرسی اٹھا کر ردِعمل کا اظہار کیا۔
38 سالہ لیون نے اپنے 141 ویں ٹیسٹ میں 564 ویں وکٹ حاصل کر کے لیجنڈری فاسٹ بولر گلین میک گرا کو پیچھے چھوڑ دیا اور ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں چھٹی پوزیشن حاصل کر لی۔
اس موقع پر کمنٹری باکس میں موجود گلین میک گرا کا مزاحیہ ردِعمل کیمرے میں قید ہو گیا، جہاں وہ مذاقاً اپنی کرسی زمین پر پٹخنے کا اشارہ کرتے دکھائی دیے۔
بعد ازاں میک گرا نے لیون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ناتھن لیون واقعی اس اعزاز کے حق دار ہیں اور ان کی پہلی اوور کی گیند شاندار تھی، اسی اوور میں لیون نے اولی پوپ کو بھی آؤٹ کیا۔
ناتھن لیون نے ریکارڈ بنانے کے بعد کہا کہ میں بچپن میں شین وارن اور گلین میک گرا کو اپنا ہیرو مانتا تھا اور میک گرا کو پیچھے چھوڑنا میرے لیے انتہائی اعزاز کی بات ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ لمحہ اپنے کیریئر کے اختتام تک یاد رکھوں گا، تاہم اس کامیابی کا سہرا ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کو بھی جاتا ہے۔
ناتھن لیون کی نظریں اب انگلینڈ کے اسٹیورٹ براڈ (604 وکٹیں) اور بھارت کے انیل کمبلے (619) پر ہیں، جبکہ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں سری لنکا کے متھیا مرلی دھرن (800) کے نام ہیں، شین وارن 708 اور جمی اینڈرسن 704 وکٹوں کے ساتھ فہرست میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔
قابلِ ذکر بات یہ ہے کہ لیون نے حالیہ برسوں میں محدود اوورز کی بین الاقوامی کرکٹ نہ کھیلنے کی وجہ سے اپنی فٹنس اور فارم برقرار رکھی ہے۔
اگرچہ انہیں حال ہی میں ایک ڈے نائٹ ٹیسٹ سے باہر رکھا گیا تھا، لیکن ایڈیلیڈ میں ان کی کارکردگی نے ثابت کر دیا کہ وہ اب بھی آسٹریلوی ٹیم کے لیے ناگزیر ہیں۔