• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔ میرے بیٹے نے انڈسٹریل انجینئرنگ کی ڈگری یو ای ٹی لاہور سے پاس کی ہے برائے کرم مجھے بتائیں کہ اس کو کہیں ملازمت کرنی چاہیئے یاپھر اپنی تعلیم جاری رکھے؟ (رمیض دیوان،لاہور)
ج۔ اس سوال کے جواب کا انحصار اس بات پر ہے کہ آپ کا بیٹا مزید تعلیم پاکستان سے حاصل کرنا چاہتا ہے یا بیرون ملک سے۔ اگر وہ بیرون ملک جانا چاہتا ہے تو میں اسے مشورہ دوں گا کہ وہ مینو فیکچرنگ مینجمنٹ یا ٹیکنالوجی مینجمنٹ میں ایم ایس سی کرے جس سے نہ صرف اس کی موجودہ ڈگری کی اہمیت بڑھ جائے گی بلکہ اس کیلئے مزید بہتر مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
س۔ سر میں ماس کمیونیکیشن کا طالبعلم ہوں اور تعلیم کے چنائو میں آپ سے راہنمائی چاہتا ہوں،کیا مجھے صحافت(جرنلزم) اردو یا انگلش میں کرنا چاہیئے؟ برائے کرم مجھے بتائیں کے میرے کریئر کے لئے بہتر کیاہے؟ (سلمان سندھو۔اوکا ڑہ)
ج۔ اگر آپ صحافت(جرنلزم)کرنے کا سوچ رہے ہیں اورلوکل یا انٹر نیشنل میڈ یا میں اپنا نام اور لوہا منوانا چاہتے ہیں تو آپ کوانگلش میں لکھنے اور پڑھنے میں اچھی مہارت اور سمجھ ہونی چاہیئے ۔
س۔ سر میں نے بی ایس سی (آنرز)الیکٹرونکس میں لاہور سے 2013میں کیا اور اب میں مارکیٹنگ کے شعبے میں ملازمت کر رہی ہوں۔ یہ شعبہ میری تعلیم سے بالکل مختلف ہے اور بد قسمتی سے اس شعبے میں خواتین بہتر طریقے سے کام نہیں کر سکتیں۔ میں اپنی تعلیم پھر سے شروع کرنا چاہتی ہوں اور ساتھ ساتھ میں اپنی ملازمت بھی جاری رکھوں گی،آپ سے گزارش ہے کہ میری راہنمائی کریں کہ میرے لئے بہتر فیلڈ کون سی ہے؟ (ماروی احمد،لاہور)
ج۔ میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ موجودہ ڈگری کے ساتھ ماسٹر مینجمنٹ میں کریں اور آپ ٹیکنالوجی مینجمنٹ یا انڈسٹریل مینجمنٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتی ہیں۔ اس سے آپ کا کیریئرمینجمنٹ ایریا کی طرف شروع ہو گا۔
س۔ سر میں فارم ڈی کا طالبعلم ہوں میں اپنا کیر یئر بہتر بنانے کے لئے فارم ڈی کے بعد سی ایس ایس کروں یا مجھے اپنی فیلڈ کا تجربہ حاصل کرنے کے لئے کام کرنا چاہئے؟(فیصل اقبال،پشاور)
ج۔میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ فارمیسی میں ہی اپنا کیریئر بنائیں فارمیسی کرنے کے بعد مجھے لگتا ہے کہ آپ مارکیٹنگ میں ڈپلومہ کریں،جس سے یقینا آپ کو ملازمت کے مواقع حاصل ہوں گے۔
س۔ سر میں نے پنجاب یونیوسٹی لاہور کے زراعت کے شعبے میں داخلہ لیا ہے۔ میرے والدین چاہتے ہیں کہ میں اسی شعبے میں اپنی تعلیم جاری رکھوں جبکہ میرا رجحان مائیکرو بائیولوجی میں زیادہ ہے اور اسی فیلڈ میں آگے بڑھنا چاہتا ہوں۔ برائے کرم میری راہنمائی فرمائیں؟(طفیل احمد۔لاہور)
ج۔ مائیکروبائیولوجی اور سیلولر بائیولوجی دونوں کی بہت زیادہ مانگ ہے اور کیرئیر کو چار چاند لگانے میں موثر اور فائدہ مند ہے۔ زراعت کا شعبہ آپ کے لئے فائدہ مند نہیں ہے جبکہ شعبہ ِمائیکروبائیولوجی میں آپ ریسرچ تجزیہ کارکی حیثیت سے کام کر سکتے ہیں اور اس میں آگے بڑھنے کے بھی بہتر مواقع ہیں۔
س۔ ایجوکیشن کونسلنگ کے حوالے سے مجھے آپ کی رہنمائی چاہیئے۔ میں نے بی ایس سی آئی۔ٹی کیا ہے اورآئی ٹی کے شعبے میںنیٹ ورک سپورٹ انجینئر کی حیثیت سے کام کررہا ہوں،میں آگے ماسٹرز کرنا چاہتا ہوں تاکہ آئی ٹی کے شعبے میں آگے بڑھ سکوں۔ آپ سے گزارش ہے کہ مجھے بتائیں کہ مجھے کونسی اسپیشلائزیشن کا انتخاب کرنا چاہیئے جس سے مجھے میرے کریئر میں آگے بڑھنے کے مواقع مل سکیں۔(دلاور بشیر،ایبٹ آباد)
ج۔ اگر آپ ماسٹرز میں جانا چاہتے ہیں تو میرا یہ مشورہ ہے کہ آپ Networks MSc Distributed یا ایم ایس سی کمپیوٹر نیٹ ورکس میں کریں اور خصوصاََ بیرون ملک میں سے کسی یونیورسٹی سے کریں لیکن اگر بیرون ممالک آپ مالی حالات کی وجہ سے نہیں جا سکتے تو آپ پاکستان کی یونیورسٹی سے یہ ڈگری حاصل کرسکتے ہیں۔
تازہ ترین