کراچی (اسٹاف رپورٹر)آئی سی سی بورڈ اجلاس میں کئی اہم امور زیر بحث آنے کا امکان ہے۔ایک ہی ٹیسٹ میچ میں ریڈ بال اور پنک بال کے استعمال کی تجویز زیر غور ہے، کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق آئی سی سی کرکٹ کے قوانین میں بڑی تبدیلیوں پر غور کرنے لگا، آئی سی سی قوانین میں مجوزہ تبدیلیوں کی منظوری 30 مئی کو احمدآباد بورڈ میٹنگ میں دی جاسکتی ہے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں خراب موسم کی صورت میں پنک بال استعمال کرنے کی تجویزہے، دونوں ٹیموں کی رضامندی سے میچ میں پنک بال متعارف کرانے پر غورہوسکتا ہے، میچ کے دوران ریڈ سے پنک بال پر جانے کی تفصیلات تاحال واضح نہیں، ون ڈے کرکٹ میں ہیڈ کوچ کوپانی کے وقفے میں میدان میں جانے کی اجازت دینے پر بھی غور کیا جارہا ہے،اس وقت صرف متبادل کھلاڑیوں کو میدان میں جانے کی اجازت ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ون ڈے کرکٹ میں ایک اننگز میں دو ڈرنکس بریکس ہوتی ہیں ،ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پانی کے وقفے میں ہیڈ کوچ کو میدان میں جاکر کھلاڑیوں سے مشاورت کی اجازت ہے۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اننگز بریک کا وقت 20 منٹ سے کم کرکے 15 منٹ کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، آئی سی سی کیبولروں کے ایکشن کو چیک کرنے کے لیے آن فیلڈ امپائر کو ہاک آئی ڈیٹا تک رسائی دینے کی تجویز ہے۔کرکٹ میں ان مجوزہ تبدیلیوں پر جمعرات کو آئی سی سی چیف ایگزیکٹوز کمیٹی میٹنگز میں آن لائن بحث ہوچکی ہےاب قابل عمل تجاویز بورڈ میٹنگ میں حتمی منظوری کے لئے پیش ہوں گی۔