لاہور ( جنرل رپورٹر ) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت ٹیکنیکل ورکنگ گروپ برائے ڈینگی وائرس کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈین انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ پروفیسر ڈاکٹر سائرہ افضل، ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر حافظ محمد وسیم، ڈپٹی سیکرٹری ٹیکنیکل ڈاکٹر محمد عثمان فضل، پروفیسر ثمینہ، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین فیاض اور پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن حکام سمیت دیگر افسران نے شرکت کی ، ۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ ڈینگی وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے تمام محکمہ جات کو آنکھیں کھول کر کام کرنا ہوگا۔ عوام اپنے گھروں، دکانوں اور دیگر مقامات پر صفائی کو یقینی بنائیں۔ ہمیں فیلڈ میں سرویلنس کو تیز اور بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈینگی وائرس پر قابو پانے کیلئے اقدامات اٹھانا کسی ایک محکمہ کی نہیں بلکہ تمام سٹیک ہولڈرز کی ذمہ داری ہے۔