ملتان (سٹاف رپورٹر) کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں اور آر پی او محمد عثمان گوندل نے ماڈل مویشی منڈی موضع جنگل جسونت سنگھ، مختلف سیل پوائنٹس اور انتظامات کا ہنگامی دورہ کیا اور سکیورٹی، صفائی، ٹریفک، اوورچارجنگ اور شہری سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے مویشی منڈیوں کی کڑی مانیٹرنگ کا خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے اور انتظامیہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کیلئے متحرک ہے، انہوں نے کہا کہ ماڈل مویشی منڈی جسونت سنگھ میں انتظامات بہتر ہیں تاہم انہیں مزید بہتر بنانے کے احکامات دیے گئے ہیں۔ دورے کے دوران کمشنر عامر کریم خاں نے سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا جبکہ بیوپاریوں اور شہریوں سے براہ راست گفتگو بھی کی۔ بیوپاریوں کے مسائل سن کر کمشنر عامر کریم خاں نے متعلقہ حکام کو اصلاحی اقدامات کی ہدایت جاری کی۔ کمشنر عامر کریم خاں نے منڈی میں قائم موبائل ہسپتال، موبائل بینکنگ سروسز اور دیگر سہولت پوائنٹس کا بھی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر انتظامات بہتر ہیں تاہم شہریوں اور بیوپاریوں کیلئے سہولیات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ اوورچارجنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں جبکہ شہریوں سے براہ راست فیڈ بیک لیا جارہا ہے۔