• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر ایکسائز کا جوائنٹ چیک پوسٹ کوہاٹ کا اچانک دورہ، کارروائیوں کا جائزہ لیا

پشاور (خصوصی نامہ نگار) خیبرپختونخوا کے وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سید فخر جہان نے محکمہ ایکسائز کی جائنٹ چیک پوسٹ کوہاٹ کا اچانک دورہ کیا، ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں سے ملاقات کی اور انسدادِ منشیات کے حوالے سے جاری کارروائیوں اور سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ حاصل کی۔صوبائی وزیر نے اس موقع پر ایکسائز عملے کو ہدایت کی کہ دورانِ چیکنگ عوام کے ساتھ شائستگی، خوش اخلاقی اور ذمہ دارانہ رویئے کا مظاہرہ کیا جائے اور شہریوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون یقینی بنایا جائے۔ محکمہ ایکسائز کے مطابق انہوں نے کہا کہ محکمہ ایکسائز انسدادِ منشیات کے خلاف کارروائیوں اور اقدامات کو مزید مؤثر اور تیز کرے تاکہ معاشرے کو اس ناسور سے پاک کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے وژن کے مطابق صوبے میں منشیات سے پاک معاشرے کا قیام حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور کسی کو بھی نئی نسل کو منشیات کی لعنت میں دھکیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی رعایت یا نرمی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔صوبائی وزیر نے ایکسائز اہلکاروں کو سختی سے ہدایت کی کہ وہ اپنے فرائض پوری ذمہ داری، دیانتداری اور پیشہ ورانہ انداز میں سرانجام دیں جبکہ فرائض میں کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی کو قطعاً برداشت نہیں کیا جائے گا۔
پشاور سے مزید