• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انٹرمدارس سپورٹس فیسٹیول، جامعہ السعید دیر کالونی کرکٹ چیمپئن بن گئی

پشاور(خصوصی نامہ نگار) محکمہ کھیل و امور نوجوانان خیبرپختونخوا کے زیراہتمام طہماس سٹیڈیم میں مدارس سپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، جس میں پشاور ریجن کے مختلف مدارس کے 120طلبہ نے کرکٹ اور فٹبال مقابلوں میں حصہ لیا۔تقریب کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا تاشفین حیدر تھے،اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر ارباب فیض، ڈپٹی ڈائریکٹر چنگیز خان، ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ نعمت اللہ مروت، ڈائریکٹر آپریشن جمشید بلوچ اور ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن کاشف فرحان بھی موجود تھے۔کرکٹ کے فائنل میں جامعہ السعید دیر کالونی پشاور نے جامعہ شاہ ولی اللہ آسیہ گیٹ کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ جامعہ شاہ ولی اللہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 105 رنز بنائے، جواب میں جامعہ السعید نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ قاری سعید نے 62 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔اختتامی تقریب میں کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ ڈی جی سپورٹس تاشفین حیدر نے کہا کہ مدارس کے طلبہ کو کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ نوجوان نسل کو مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جاسکے۔
پشاور سے مزید