اسلام آباد (عاطف شیرازی) وفاقی نظامتِ تعلیمات نے اسلام آباد کے سرکاری کالجز میں جاری بی ایس پروگراموں کی فیکلٹی سے متعلق مکمل ریکارڈ اور تفصیلات طلب کر لی ہیں۔وفاقی نظامت تعلیمات کی جانب سے وفاقی سرکاری کالجز کے پرنسپلوں کو جاری کردہ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کالجوں میں جاری بی ایس پروگراموں کے لیے تعینات تمام اساتذہ کا تفصیلی ریکارڈ جمع کروائیں۔ مراسلے کے مطابق ہر کالج سے فیکلٹی کی مکمل تفصیلات طلب کر لیں، اساتذہ کے اپڈیٹڈ سی وی، تصدیق شدہ تعلیمی اسناد، اور تقرری، جوائننگ یا تبادلے سے متعلق تمام انتظامی احکامات فراہم کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔ مزید کہا گیا ہے کہ تمام بی ایس پروگراموں کے انچارج صاحبان 2 جون 2026 کو اسلام آباد ماڈل کالج برائے خواتین (پوسٹ گریجویٹ) جی ٹن فور میں ہونے والی اہم میٹنگ میں یہ ریکارڈ پیش کریں گے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب بعض وفاقی کالجز میں بی ایس پروگرامز کے لیے ہائر ایجوکیشن کمیشن اور قائداعظم یونیورسٹی کی فیکلٹی شرائط پر عمل درآمد سے متعلق مبینہ بے ضابطگیوں کی شکایات سامنے آ رہی تھیں۔ ذرائع کے مطابق بعض اداروں میں مطلوبہ ایم فل اور پی ایچ ڈی اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے کے لیے دوسرے کالجز کے اساتذہ کو کاغذات میں ظاہر کیا گیا، جبکہ وہ عملی طور پر اپنی اصل تعیناتی پر ہی کام کر رہے ہیں۔