• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت برآمدات بڑھانے کیلئے بجٹ میں صنعت دوست اقدامات کرے، احمد افضل اعوان

فیصل آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی حکومت ٹیکسٹائل کے شعبے کی پائیدار ترقی کے ذریعے برآمدات بڑھانے کے لئے بجٹ 27-2026 میں کاروباری لاگت کو کم کرنے کے لئے صنعت دوست اقدامات کا اعلان کرے۔ صنعتی صارفین کے لیے توانائی کی قیمتوں کو اگلے پانچ سالوں کے لیے منجمد کیا جائے،عوام اور صنعت دونوں کو ریلیف ملے گا،زیر التواء ریفنڈز فوری جاری ، فکسڈ ٹیکس ریجیم نظام بحال کیا جائے،۔ یہ مطالبات پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نارتھ زون کے سینئر وائس چیئرمین احمد افضل اعوان نے کئے ہیں۔ وہ پی ایچ ایم اے کے گروپ لیڈر چوہدری سلامت علی، فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر فاروق یوسف شیخ، آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نوید گلزار و دیگر صنعتی تنظیموں کے رہنماوں کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل سیکٹر کو توانائی کے زیادہ ٹیرف، بھاری ٹیکسوں، مہنگی فنانسنگ اور ریفنڈز میں تاخیر کی وجہ سے شدید مسائل کا سامنا ہے۔ بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستانی برآمدات کی مسابقت کو بحال کرنے کے لیے فوری پالیسی اقدامات کی ضرورت ہے۔ برآمدی شعبے کے لیے بجلی کے نرخ 9 سینٹ فی کلو واٹ گھنٹے اور آر ایل این جی کی قیمتیں 6.5ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو مقرر کی جائیں۔ پی ایچ ایم اے کے گروپ لیڈر چوہدری سلامت علی نے کہا کہ بجلی کے نرخ صرف صنعتوں ہی نہیں بلکہ عام صارفین کیلئے بھی کم کیے جائیں کیونکہ مہنگے بجلی کے بلوں نے عوام اور کاروباری طبقے دونوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی بجلی گھروں کے بند یونٹس کی ادائیگیوں کا بوجھ بھی عوام پر منتقل کیا جا رہا ہے جس سے بجلی مزید مہنگی ہو رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ آئندہ بجٹ میں بجلی کی قیمتوں میں واضح کمی کی جائے تاکہ عوام اور صنعت دونوں کو ریلیف مل سکے۔

ملک بھر سے سے مزید