اسلام آباد ( طاہر خلیل، جنگ نیوز)پاک فوج کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا مختصر مگر انتہائی اہم سرکاری دورہ ایران مکمل ہوگیا،فیلڈ مارشل نے انتہائی سودمند مذاکرات کئے ، حتمی مفاہمت کی جانب حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے ، فیلڈ مارشل نے ایران کے صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، فیلڈ مارشل نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور ایرانی وزیرخارجہ عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ہونے والی گہری بات چیت کے نتیجے میں حتمی مفاہمت کی طرف حوصلہ افزا پیش رفت ہوئی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق ایران پہنچنے پر فیلڈ مارشل کا استقبال ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی نے سینئر سول اور عسکری حکام کے ہمراہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایران کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں، ان ملاقاتوں میں خطے میں کشیدگی میں کمی اور امن کے قیام کے لیے جاری ثالثی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، یہ ملاقاتیں جاری سفارتی و ثالثی کوششوں کا حصہ تھیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تہران میں ایران کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں، ملاقاتوں نے ثالثی کے عمل کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں کا مقصد 8 اپریل کی جنگ بندی کے بعد خطے میں پیدا کشیدگی میں کمی یقینی بنانا ہے، ملاقاتوں کا مقصد تعمیری روابط کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہےکہ ایرانی قیادت نے علاقائی مسائل کے پرامن حل میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا، ایرانی قیادت نے مذاکرات کے فروغ میں پاکستان کے مخلصانہ اور تعمیری کردار کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق فیلڈ مارشل نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، ایرانی پارلیمنٹ کےا سپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ عباس عراقچی اور وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں خطے میں امن و استحکام کے فروغ اور کسی حتمی معاہدے تک پہنچنے کے لیے جاری مشاورتی عمل کو تیز کرنے پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔آئی ایس پی آر نے کہا کہ یہ ملاقاتیں مثبت اور تعمیری ماحول میں ہوئیں اور انہوں نے ثالثی کے عمل میں اہم کردار ادا کیا۔