• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صوبائی سطح پر تعاون پاک چین تعلقات کا اہم ستون ہے، وزیراعظم

اسلام آباد (رانا غلام قادر) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان ژجیانگ صوبے کے ساتھ خصوصاً ڈیجیٹل معیشت، ای کامرس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونی کیشن، زراعت، قابلِ تجدید توانائی، جدید صنعت کاری اور مہارتوں کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کو بہت اہمیت دیتا ہے، صوبائی سطح پر تعاون پاکستان- چین تعلقات کا ایک اہم ستون ہے اور یہ صنعتی تعاون، زرعی جدیدکاری، ٹیکنالوجی کے اشتراک اور برآمدات پر مبنی ترقی کے ذریعے سی پیک فیز 2 کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار ہفتہ کے روز ہانگژو میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (CPC) ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکرٹری مسٹر وانگ ہاؤ سے ملاقات کے دوران کیا۔ مسٹر وانگ ہاؤ نے وزیراعظم کو ژجیانگ صوبے میں خوش آمدید کہا۔ قبل ازیں وزیر اعظم اپنے چار روزہ دورہء چین کے پہلے مرحلے میں ہانگژو پہنچے،شیاؤ شین ائیرپورٹ ہانگژو پہنچنے پر نائب گورنر ژجیانگ شو وینگوانگ (Xu Wenguang) چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ اور پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی نے وزیرِ اعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے مسٹر وانگ ہائو سے ملاقات میں ژجیانگ صوبے کی شاندار ترقیاتی منصوبوں کو سراہا اور صدر شی جن پنگ کی اُس دور اندیش قیادت کی تعریف کی جو انہوں نے CPC ژجیانگ صوبائی کمیٹی کے پارٹی سیکرٹری کی حیثیت سے انجام دی۔ وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ کی جانب سے پیش کردہ “صاف پانی اور سرسبز پہاڑ انمول اثاثے ہیں” کے تصور بالخصوص کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ژجیانگ کی ترقی اس بات کی ایک زندہ مثال ہے کہ ماحولیاتی تحفظ، سبز ترقی اور اعلیٰ معیار کی معاشی نمو کو کس طرح ایک دوسرے کے معاون انداز میں آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ وزیراعظم نے تعاون پر مبنی دو اہم دستاویزات پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ پہلی دستاویز ژجیانگ صوبے اور صوبہ پنجاب کے درمیان سسٹر-پروونس تعلقات کے قیام سے متعلق مفاہمتی یادداشت (MoU) تھی۔ اس مفاہمتی یادداشت کا مقصد تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، تعلیم، ثقافت، سیاحت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہے۔وزیراعظم نے ہانگژو نارمل یونیورسٹی اور بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے درمیان چین- پاکستان مشترکہ ٹیکنالوجی ریسرچ سینٹر کے قیام سے متعلق دستاویز پر دستخط کی تقریب میں بھی شرکت کی۔ یہ مرکز تعلیمی تعاون، عملی تحقیق، ٹیکنالوجی کے تبادلے اور پاکستان و چین کے اداروں کے درمیان روابط کو فروغ دے گا۔

اہم خبریں سے مزید