کراچی (ٹی وی رپورٹ)سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میرنے کہا ہے کہ 48گھنٹوں میں کوئی نہ کوئی اعلان کر دیا جائے گا۔ شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب بھی کوئی پوسٹ کر کے معاملہ بگاڑ سکتے ہیں۔ او آئی سی سی آئی کے سیکرٹری جنرل عبدالعلیم نے کہا کہ کاروباری طبقہ چھالیس فیصد ٹیکس دے رہا ہے۔وہ جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں شہزاد اقبال سے گفتگو کر رہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کے آغاز میں میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ فیلڈ مارشل کے دورے کے بعد کچھ مثبت خبریں آرہی ہیں جس میں یہ بتایا جارہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان ایک ایم او یو پر اتفاق ہوچکا ہے اور امریکہ کا جواب آنا باقی ہے اور نیوکلیئر کے معاملے پر تیس دن بعد بات ہوگی۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار حامد میر نے کہا کہ جس ایم او یو کا ذکر ہو رہا ہے یہ آٹھ اپریل کو جنگ بندی سے پہلے ہوچکا تھا اور جب اسلام آباد میں مذاکرات شروع ہوئے اس ایم او یو پر دونوں فریقین متفق تھے اور اس میں لبنان بھی شامل تھا۔ ایم او یو میں تھا کہ سیز فائر کے بعد آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی اور ایران ایٹمی ہتھیار نہیں بنائے گا اور ایران پر اقتصادی پابندیاں ختم ہوجائیں گی مذاکرات کے آخری گھنٹے میں جی ڈی وینس نے یورنیم افزدوگی کا مسئلہ چھیڑ دیا جس پر بعد میں بات ہونی تھی جو رویہ امریکہ نے اختیار کیا پھر بعد میں ایران نے بھی وہی رویہ اختیار کیا۔