• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی ہجرت، بقائے باہمی اور ترقی کی زندہ داستان ہے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی محض ایک میٹروپولیٹن شہر نہیں ہے بلکہ یہ ہجرت، بقائے باہمی، ہمت و لچک، تجارت، ادب، فن اور ترقی کی ایک زندہ داستان ہے، شہر کی ہر گلی، ہر عمارت اور ہر برادری اپنے اندر یادیں اور کہانیاں سموئے ہوئے ہے۔ انھوں نے ہفتہ کو بیچ ویو پارک میں کراچی میوزیم آف ہسٹری کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ یہ ایک نیا ڈیجیٹل انٹرایکٹو میوزیم ہے جسے محکمہ ثقافت، سیاحت، نوادرات و آرکائیوز حکومتِ سندھ اور کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (KMC) دی سٹیزنز آرکائیو آف پاکستان (CAP) کے اشتراک سے قائم کر رہے ہیں ۔ بیچ ویو پارک میں منعقدہ سنگِ بنیاد کی تقریب میں وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب صدیقی، کیپ (CAP) کی پیٹرن ان چیف شرمین عبید چنائے، دی سٹیزنز آرکائیو آف پاکستان کے اراکین، تاجر برادری کے نمائندوں اور دیگر مہمانوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی نے صدیوں سے مختلف علاقوں، ثقافتوں اور برادریوں کے لوگوں کو خوش آمدید کہا ہے، جس نے اسے دنیا کے متنوع اور متحرک ترین شہروں میں سے ایک بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کی ہر گلی، ہر عمارت اور ہر برادری اپنے اندر ایسی یادیں اور کہانیاں سموئے ہوئے ہے جو تحفظ کی مستحق ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہماری اجتماعی تاریخ کے بہت سے اہم ابواب غیر دستاویزی شکل میں ہیں یا نوجوان نسلوں کی ان تک رسائی نہیں ہے ۔ یہ میوزیم اس خلا کو پر کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرے گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کراچی نہ صرف تجارت اور مواقع کا شہر ہے بلکہ یہ ہماری اجتماعی یادداشت، لچک اور ثقافتی تنوع کا ایک زندہ آرکائیو ہے۔ کراچی میوزیم آف ہسٹری اس ورثے کو آنے والی نسلوں کے لئے محفوظ بنائے گا۔

اہم خبریں سے مزید