شکارپور (نامہ نگار) میں شکارپور پولیس نےکچہ کےعلاقے میں آپریشن کے دوران پشاور سے اغواہونےوالی حورم سمیت دولڑکیوں کو باحفاظت بازیاب کرالیا، پولیس فائرنگ کےنتیجے میں مرکزی ملزم ڈاکو عبدالوحید عرف مُلا اور غلام یاسین جہنم واصل اورکئی زخمی ہوگئے۔آپریشن دو روز جاری رہا،بازیابی کےبعد مغوی حورم شکارپور پولیس کی تحویل میں ہےاور والدین کی آمدپر اسےانکے حوالے کیا جائیگا، وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار،آئی جی پولیس جاوید عالم اوڈھو نےشکار پورپولیس پارٹی کی کارکردگی کو سراہتےہوئے انہیں شاباشی دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق پشاور سےتعلق رکھنےوالی مغوی لڑکی کی بازیابی کیلئے ایس ایس پی شکارپور محمد کلیم ملک کی زیرقیادت تھانہ کوٹ شاہو کچہ کے علاقے میںجاری آپریشن کے دوران پولیس نے بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے 11 سالہ لڑکی حورم بنت سعید پٹھان سمیت دو لڑکیوں کو باحفاظت بازیاب کرالیا ہے۔