کراچی (ٹی وی رپورٹ) تجزیہ کار وں بریگیڈیئر (ر) مسعود احمد ، شہزاد اقبال اور شاہزیب خانزادہ نے کہا ہے کہ مذاکرات میں پیشرفت ہوئی ہے ہو سکتا ہے اگلے چند دنوں میں ایران جنگ سے متعلق اچھی خبر کے لئے ہم پراُمید ہیں۔ ایران اور پاکستان کے درمیان ایم او یو پر اتفاق ہوگیا ہے اور اب واشنگٹن سے اس کا جواب آنا ہے۔ اطلاعات یہی ہیں کہ ایران آبنائے ہرمز ایران کھول دے گا اور امریکہ ناکہ بندی ختم کردے گا یعنی دنیا کی تجارت متاثر نہیں ہو گی اس کے بعد نیوکلیئر معاملات پر دونوں فریق گفتگو کریں گے۔وہ جیو نیوز کی خصوصی نشریات میں گفتگو کر رہے تھے ۔ تفصیلات کے مطابق دفاعی تجزیہ کار بریگیڈیئر (ر) مسعود احمد نے کہا کہ معاملہ مثبت سمت کی طرف جارہے ہیں اور یقینا فیلڈ مارشل کا وہاں جانا بھی اسی کی علامت تھا اور دونوں فریقین چاہتے ہیں کا تنازعہ کا خاتمہ ہو ۔ امریکی وزیر خارجہ اور ایران کے ترجمان کے بیانات سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ چیزیں حتمی مراحل کی طرف پہنچ چکی ہیں ۔ابتدائی طور پر صدر ٹرمپ نے جس ʼʼلیٹر آف انٹینٹʼʼ کی بات کی ہے اسے ایک عارضی یا ابتدائی معاہدہ کہا جا سکتا ہے۔