کراچی (جنگ نیوز) پاکستان میں تیزی سے بڑھتی آبادی، محدود وسائل اور معاشی دباؤ جیسے سنگین مسائل پر عوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے جیونیوز نے ایک بار پھر خصوصی ”گریٹ ڈیبیٹ“ کا انعقاد کیا ہے جس میں حکومتی ارکان، ماہرین معیشت، طبی ماہرین اور علماء کرام بڑھتی آبادی سے جڑے چیلنجز اور ان کے ممکنہ حل پر تفصیلی گفتگو کریں گے۔ طویل دورانیئے پر مشتمل اس ”گریٹ ڈیبیٹ“ میں اعداد و شمار کے ذریعے یہ اہم حقائق سامنے لائے جائیں گے کہ پاکستان میں ہر چار سیکنڈ بعد ایک بچے کی پیدائش ہو رہی ہے، جبکہ ہر ایک گھنٹے میں ایک ماں دورانِ حمل جان کی بازی ہار جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق ملک کی 25 فیصد سے زائد آبادی بغیر منصوبہ بندی کے وجود میں آئی جس کے باعث خوراک، پانی، تعلیم، صحت اور روزگار جیسے شعبوں پر دباؤ مسلسل بڑھ رہا ہے۔