اسلام آباد( جنگ نیوز ) وزارت صحت نے افریقہ میں ایبولا وائرس کے حالیہ پھیلائو کے پیش نظر ملک بھر کے ائرپورٹس پر اسکریننگ کے اقدامات سخت کر دئیے تاکہ وائرس کے ممکنہ پھیلا کو روکا جا سکے۔وزارت صحت کے مطابق وفاقی وزیر صحت مصطفی کمال نے تمام ائرپورٹس پر احتیاطی اسکریننگ پروٹوکول فوری نافذ کرنے کی ہدایت جاری کی ہے، بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقت ایبولا کا پھیلائو جمہوریہ کانگو اور یوگنڈا تک محدود ہے اور محدود سفری روابط کے باعث پاکستان کو خطرہ نہایت کم ہے۔نیشنل انسٹی ٹیوٹس آف ہیلتھ پاکستان اور عالمی ادارہ صحت کی پاکستان میں موجود ٹیم صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے، وزارت صحت نے تمام صوبوں اور بارڈر ہیلتھ سروسز کو الرٹ رہنے کی بھی ہدایت جاری کی ہے۔حکام کے مطابق پاکستان میں ایبولا کی تشخیص کی صلاحیت موجود ہے اور ضروری تیاریوں کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔