• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعد ایدھی وطن واپس پہنچ گئے، کراچی ایئرپورٹ پر شاندار استقبال

کراچی (اسٹاف رپورٹر) غزہ کے لیے روانہ ہونیوالے امدادی بحری قافلے صمود فلوٹیلا میں شامل سماجی کارکن سعد ایدھی اسرائیلی حراست سے رہائی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ کراچی پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا جہاں اہل خانہ، سماجی کارکنان اور مختلف تنظیموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔ سعد ایدھی کی اہلیہ اور کم سن بیٹی نے بھی ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد ایدھی نے بتایا کہ ان کا امدادی سفر 14مئی کو شروع ہوا تھا اور غزہ سے تقریباً 200ناٹیکل مائل دور بین الاقوامی سمندر میں اسرائیلی فوج نے قافلے کو روک کر انہیں حراست میں لیا۔ ان کے مطابق قافلے میں 180افراد شامل تھے اور دورانِ حراست متعدد افراد کو تشدد کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی اہلکاروں نے غیر انسانی سلوک کیا، کھانے کے لیے صرف ڈبل روٹی اور پانی فراہم کیا جاتا تھا جبکہ قیدیوں کو ذہنی و جسمانی اذیت دی جاتی رہی۔ سعد ایدھی نے کہا کہ انہیں کئی گھنٹوں تک گھٹنوں کے بل بٹھایا گیا اور قید کے دوران مسلسل دباؤ میں رکھا گیا۔ ان کے مطابق اسرائیلی اہلکار لیزر لائٹس استعمال کرتے تھے تاکہ قیدی سو نہ سکیں جبکہ سیل کے فرش پر پانی پھینک دیا جاتا تھا۔
اہم خبریں سے مزید