• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارکوروبیو کی نئی دہلی میں نریندرمودی سے ملاقات، وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت

کراچی ( جنگ نیوز)امریکی وزیر خارجہ مارکوروبیونے ہفتے کے روز بھارتی وزیر اعظم کو واشنگٹن آنے کی دعوت دی اور کہا کہ حالیہ کشیدگی اور چین کے ساتھ امریکاکے بڑھتے ہوئے تعلقات کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی اہمیت رکھتے ہیں۔ ایک ہفتہ قبل صدر کے ساتھ بیجنگ کا دورہ کرنے کے بعد، روبیو پہلی بار ایشیا کی دونوں بڑی طاقتوں کے دورے پر نئی دہلی پہنچے، جہاں انہوں نے مودی سے ایک گھنٹے سے زائد ملاقات کی اور جلد وائٹ ہاؤس آنے کی دعوت دی۔ بعد ازاں امریکی سفارت خانے کے نئے حصے کا افتتاح کرتے ہوئے روبیو نے کہا کہ یہ عمارت "اس اہم تعلق سے ہماری وابستگی کی علامت" ہے۔ روبیو نے کہا، "ہمارے دونوں ممالک کے درمیان یہ اہم تعلق انڈو پیسفک خطے کے حوالے سے ہماری حکمت عملی کی بنیاد ہے۔" مودی سے ملاقات کے بعد امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ امریکہ اور بھارت کے تعلقات "مشترکہ جمہوری اقدار" اور معاشی مواقع پر مبنی ہیں۔ یہ مثبت بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب ٹرمپ نے امریکی خارجہ پالیسی کی کئی بنیادی ترجیحات بدل دی ہیں، جن میں بھارت کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم رکھنے کا عزم بھی شامل تھا، جس کا ان کی حکومت کی گزشتہ سال جاری کردہ قومی سلامتی حکمت عملی میں بمشکل ذکر کیا گیا تھا۔
اہم خبریں سے مزید